
صوفیانہ ورثے کا فروغ، بین المذاہب ہم آہنگی اور علمی خدمات
بابا فرید گنجِ شکرؒ کے ۷۸۴ویں عرس پر محفلِ سماع
۷ اگست ۲۰۲۶ء کو اولیاء کونسل آف نارتھ امریکہ کے مرکز، مہوپیک، نیویارک میں حضرت بابا فریدالدین مسعود گنجِ شکر رحمۃ اللہ علیہ کے ۷۸۴ویں عرس کی مناسبت سے محفلِ سماع کا اہتمام کیا گیا۔ اس کے لیے مصطفیٰ ابو محمد اینڈ برادرز کو مدعو کیا گیا تھا۔ یہ پروگرام برصغیر کی صوفیانہ روایات اور اولیائے کرام کے روحانی و ثقافتی ورثے کے فروغ کی ایک کڑی تھا۔
جشنِ میلاد النبی ﷺ اور محفلِ سماع
۱۱ ستمبر ۲۰۲۶ء کو مہوپیک میں واقع کونسل کے مرکز میں جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمانِ خصوصی مفتی فضل ہمدرد صاحب تھے۔ حضور اکرم ﷺ کی ولادتِ باسعادت سے منسوب تقریب کے پہلے حصے کا وقت شام چھ بجے سے ساڑھے سات بجے تک مقرر تھا۔ بعد ازاں پونے آٹھ سے رات نو بجے تک محفلِ سماع ترتیب دی گئی، جس کے لیے فتاح علی اور تراب علی قوال کو مدعو کیا گیا تھا۔
عرسِ محبوبین کی تقریب
۱۸ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو کونسل کے مرکز میں ’’عرسِ محبوبین‘‘ کا اہتمام کیا گیا۔ حضرت شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃ اللہ علیہ اور حضرت خواجہ نظام الدین اولیاء رحمۃ اللہ علیہ سے منسوب اس روحانی نشست میں ثنا خوانی کے لیے علی زمان تاجی اینڈ برادرز کو دعوت دی گئی تھی۔
یونکرز میں مسیحی و مسلم یکجہتی کے اجتماع میں شرکت
۲۸ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو یونکرز، نیویارک کے سینٹ جارج آرتھوڈوکس چرچ میں اردنی برادری کے اجتماع میں کونسل کے ایک وفد نے شرکت کی۔ اس میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم مہدی کاظمی، شیخ علی سعید صفوی، امام و ڈائریکٹر برائے مذہبی امور شیخ امام الدین سعیدی اور ڈائریکٹر محمد اسد اقبال شامل تھے۔
ڈاکٹر مہدی کاظمی نے تعزیت پیش کی اور متعلقہ مجرمانہ واقعے کی مذمت کی۔ انہوں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی نیکی اور راست بازی کی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے غم زدہ برادری کی دل جوئی اور باہمی اتحاد کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد کی شرکت کا مقصد مسیحی و مسلم یکجہتی کی حمایت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔
ویب سائٹ کا اَپ ڈیٹ شدہ ورژن لانچ
اولیاء کونسل آف نارتھ امریکہ کی ویب سائٹ auliyacouncil.com کا اَپ ڈیٹ شدہ ورژن لانچ کر دیا گیا۔ وحدت، محبت، مساوات اور انصاف کے بنیادی پیغام کو نمایاں کرتے ہوئے اس پلیٹ فارم پر ادارے کی خدمات اور سرگرمیوں کو یکجا کیا گیا ہے۔
اس میں ’’صوفی ٹائمز‘‘، برقی کتب، کورسز، تقریبات، مضامین، ویڈیوز اور تصویری گیلری کے شعبے شامل ہیں۔ قارئین یہاں کونسل کے اداروں اور پروگراموں کی معلومات کے ساتھ تصوف اور علمی و ثقافتی ورثے سے متعلق مواد بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
تبصرے
تبصرے جائزے کے بعد شائع کیے جاتے ہیں۔ اپنی رائے احترام کے ساتھ پیش کریں۔