SARGARMIYAN

اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کی دینی، روحانی، ثقافتی اور سماجی خدمات

شمارہ 09 · جولائی تا ستمبر 2026 • ادارہ • اردو
اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کی دینی، روحانی، ثقافتی اور سماجی خدمات
ادارہ شمارہ 09 · 2026 7 منٹ مطالعہ

عرسِ حضرت امیر خسرورحمۃ اللہ علیہ اور مخدوم شاہ عارف صفی محمدی قدس سرہ کے موقع پر محفلِ سماع

۷/مئی ۲۰۲۶ ءکو اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کے مرکز، ۸۵ ماؤنٹ ہوپ روڈ، مہوپیک، نیویارک میں حضرت امیر خسرو رحمۃاللہ کی ’’چھوٹی سترہویں‘‘ اور حضرت مخدوم شاہ عارف صفی محمدی قدس سرہ کے عرس مبارک کی مناسبت سے ایک پُروقار محفلِ سماع منعقد ہوئی۔ اس روحانی اجتماع میں معروف قوال سلیم صابری اور ہمنوا نے صوفیانہ کلام، منقبت اور عارفانہ اشعار پیش کرکے حاضرین کے دلوں کو گرمایا۔ عقیدت مندوں اور کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی اور دونوں بزرگوں کی دینی، علمی اور روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حضرت شیخ ابو سعید صفوی دام ظلہ  کی اولیا کونسل آمد

۱۵/مئی ۲۰۲۶ءکو خانقاہِ عارفیہ، انڈیا کے سجادہ نشین حضرت شیخ ابو سعید صفوی نے نمازِ جمعہ کے موقع پر اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کی جامع مسجد بابو ذوالفقار، مہوپیک کا دورہ کیا۔ مفتی امام الدین سعیدی، امام و ڈائریکٹر مذہبی امور و تعلیم، اور راجہ اسد پرویز، چیف ایڈمنسٹریٹر اولیا کونسل، نے معزز مہمان کا پُرتپاک استقبال کیا۔

نمازِ جمعہ کے بعد حضرت شیخ ابو سعید صفوی کے اعزاز میں استقبالیہ، مجلسِ ذکر اور ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ مجلس میں ذکرِ الٰہی، درود و سلام اور روحانی تربیت پر خصوصی گفتگو ہوئی۔ اس پروگرام میں کمیونٹی کے افراد  نے شرکت کی۔

اسی سلسلے میں حضرت شیخ ابو سعید صفوی، اولیا کونسل کی رکن ڈاکٹر آسما جمیل صادق کے دولت کدے پر بھی تشریف لے گئے، جہاں پُرنور مجلسِ ذکر منعقد ہوئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر مہدی کاظمی، راجہ اسد پرویز، مولانا علی سعید صفوی، مفتی امام الدین سعیدی اور دیگر احباب موجود تھے۔

جامع مسجد بابو ذوالفقار میں ظہرانہ

ایک جمعہ کے موقع پر جامع مسجد بابو ذوالفقار، مہوپیک میں ڈاکٹر ابرار ندیم صاحب کی جانب سے نمازیوں اور احباب کے لیے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔ تمام شرکا نے نمازِ جمعہ کے بعد باہمی ملاقات اور کھانے میں شرکت کی۔ اس موقع نے کمیونٹی کے درمیان محبت، اخوت اور سماجی رابطے کو مزید مضبوط کیا۔

درسِ تصوف

۲۷/مئی ۲۰۲۶ کو جامع مسجد بابو ذوالفقار میں ’’درسِ تصوف‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ درس میں تزکیۂ نفس، ذکرِ الٰہی، اخلاقِ حسنہ، خدمتِ خلق اور اولیائے کرام کی تعلیمات پر روشنی ڈالی گئی۔ اولیا کونسل کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے یہ دروس نئی نسل کو اسلامی روحانیت اور صوفیانہ اقدار سے جوڑنے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

نمازِ عیدالاضحیٰ

عیدالاضحیٰ کی نماز جامع مسجد بابو ذوالفقار، اولیا کونسل آف نارتھ امریکا، مہوپیک، نیویارک میں نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ نماز کے بعد امتِ مسلمہ، امریکا اور پوری انسانیت کے امن و سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شرکا نے باہمی ملاقات، مبارک باد اور اخوت کے جذبے کے ساتھ عید کی خوشیاں بانٹیں۔

ڈاکٹر مہدی کاظمی کے فارم ہاؤس پر مجلسِ ذکر و دعا

حضرت شیخ ابو سعید صفوی، سجادہ نشین خانقاہِ عارفیہ، انڈیا، کی تشریف آوری کے موقع پر ڈاکٹر مہدی کاظمی صاحب کے فارم ہاؤس پر ایک پُرنور مجلسِ ذکر و دعا کا اہتمام کیا گیا۔ حضرت شیخ ابو سعید صفوی نے ذکرِ الٰہی کی فضیلت، اصلاحِ باطن اور اولیائے کرام کی تعلیمات پر روحانی گفتگو فرمائی۔ مجلس کے اختتام پر امن، اتحاد، خوش حالی اور پوری انسانیت کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

امریکا کے ۲۵۰ویں یومِ آزادی کی تقریب

مفتی امام الدین سعیدی اور اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کے اراکین نے امریکا کا 250واں یومِ آزادی قومی جذبے کے ساتھ منایا۔ تقریب میں امریکا کی ترقی، امن، اتحاد اور خوش حالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مذہبی اور ثقافتی تنوع کا احترام کرتے ہوئے امریکی معاشرے میں محبت، خدمت اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔

ذکرِ امام عالی مقام علیہ السلام

۸/محرم الحرام ۱۴۴۸ھ، مطابق /۲۳ جون ۲۰۲۶ء، کو اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کے زیرِ اہتمام امام بارگاہ حسینیہ سجادیہ، مہوپیک، نیویارک میں ’’ذکرِ امام عالی مقام‘‘ منعقد ہوا۔ مفتی امام الدین سعیدی نے خطاب کرتے ہوئے حضرت امام حسین کی عظیم قربانی، حق و صداقت، عدل، صبر اور ظلم کے خلاف استقامت کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ پروگرام میں مردوں کے ساتھ خواتین اور بچوں نے بھی شرکت کی۔

کراچی میں رسمِ طوق و کلاوہ اور سقائی

۸/محرم الحرام ۱۴۴۸ھ کے موقع پر امام بارگاہ یثرب، کراچی میں رسمِ طوق و کلاوہ اور سقائی کی مقدس تقریبات منعقد ہوئیں۔ ان مراسم میں حضرت عباس علمدار کی وفا، شجاعت اور ایثار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور شہدائے کربلا کی یاد میں نیاز اور سبیل کا اہتمام کیا گیا۔

سالانہ عاشورا جلوس، نیویارک

۲۲جون ۲۰۲۶ ءکو نیویارک سٹی میں سالانہ عاشورا جلوس میں اولیا کونسل آف نارتھ امریکا کی جانب سے پُروقار نمائندگی کی گئی۔ کونسل کی نمائندگی سیدہ زہرا کاظمی، صاحبزادہ علی سعید صفوی، مفتی امام الدین سعیدی اور دیگر معزز اراکین نے کی۔ شرکا نے سانحۂ کربلا کی یاد میں غم و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے حق، انصاف، قربانی اور محبتِ اہلِ بیت کے عالمگیر پیغام کو اجاگر کیا۔

لاہور میں علمِ عباس   کی تنصیب

لاہور،  میں حضرت عباس علمدار کے علمِ مبارک کی تنصیب کی روحانی تقریب منعقد ہوئی۔ عقیدت مندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور امن، سلامتی اور حاجات کی قبولیت کے لیے دعائیں کیں۔

دربارِ حضرت میاں میر پر حاضری

۳/محرم الحرام ۱۴۴۸ھ کو صدر اولیا کونسل آف نارتھ امریکا ڈاکٹر مہدی کاظمی اور فیصل صدیقی چشتی نے لاہور میں واقع دربارِ حضرت میاں میر بالا پیر پر حاضری دی۔ انہوں نے مزارِ مبارک پر فاتحہ خوانی کی اور امن، محبت، بھائی چارے اور تمام انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔

۷۸۴واں عرسِ حضرت بابا فرید گنج شکر قدس سرہ

ڈاکٹر مہدی کاظمی، صدر اولیا کونسل آف نارتھ امریکا، نے حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکر قدس اللہ سرہ کے ۷۸۴ویں سالانہ عرس کی مقدس رسومات اور روحانی اجتماعات میں شرکت کی۔ انہوں نے دیگر عقیدت مندوں کے ساتھ حضرت بابا فرید کی بارگاہ میں حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور آپ کی تعلیمات، روحانی خدمات اور انسان دوستی کے پیغام کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

عرس کی مختلف تقریبات میں شرکت کے ذریعے ڈاکٹر مہدی کاظمی نے محبت، عبادت، خدمت، عاجزی اور رواداری پر مبنی اس دائمی پیغام کو اجاگر کیا جو حضرت بابا فرید گنج شکر کی حیات و تعلیمات کا بنیادی وصف ہے۔

کتاب ’’آگرہ کے لذیذ کھانے‘‘ کے انگریزی ایڈیشن کا اجرا

اولیا کونسل پبلیکیشنز کے زیرِ اہتمام معروف کتاب ’’آگرہ کے لذیذ کھانے‘‘ کے انگریزی ایڈیشن کا باقاعدہ اجرا کیا گیا۔ 340 صفحات پر مشتمل اس کتاب کی مصنفہ ساجدہ خاتون، مدیر ڈاکٹر مہدی کاظمی اور سینئر ایڈوائزر شہلا مشتاق ہیں۔

یہ کتاب راجستھان اور اتر پردیش کے روایتی کھانوں، گھریلو ذائقوں اور نسل در نسل منتقل ہونے والی ثقافتی یادوں کا خوب صورت مجموعہ ہے۔ ڈاکٹر مہدی کاظمی نے اسے اپنی والدہ کی قیمتی اور یادگار ترکیبوں کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف کھانوں کی کتاب نہیں، بلکہ محبت، گھریلو دانش، تہذیب اور روایت کا ایک زندہ دستاویز ہے۔

خدمات کا تسلسل

اولیا کونسل آف نارتھ امریکا اپنی دینی، علمی، روحانی، سماجی اور ثقافتی سرگرمیوں کے ذریعے امریکا اور دنیا کے مختلف خطوں میں امن، محبت، خدمتِ انسانیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرمِ عمل ہے۔ کونسل کے تمام پروگرام اولیائے کرام کی تعلیمات اور قرآن و سنت کی روشنی میں معاشرے کو روحانی و اخلاقی اقدار سے جوڑنے کی ایک مؤثر کوشش ہیں۔

تصویری گیلری

۱۳ تصاویر
گفتگو میں شامل ہوں

تبصرے

تبصرے جائزے کے بعد شائع کیے جاتے ہیں۔ اپنی رائے احترام کے ساتھ پیش کریں۔

اے سی این اے کی معاونت

ایمان، علم اور خدمت کو فروغ دیں

آپ کی معاونت عبادت، تعلیم، علمی تحقیق، روحانی ثقافت اور ہمدردانہ سماجی خدمت کو مضبوط بناتی ہے۔

معاونت کریں