حکمت و معرفت

معاشرتی مسائل اور گفتگو کے آٹھ قرآنی اوصاف

شمارہ ۱۰ · اکتوبر تا دسمبر ۲۰۲۶ • مولانا اختر تابشؔ ازہری • اردو
معاشرتی مسائل اور گفتگو کے آٹھ قرآنی اوصاف
مولانا اختر تابشؔ ازہری شمارہ ۱۰ · ۲۰۲۶ ۲۸ منٹ مطالعہ

اصلاحِ معاشرہ کے لیے قرآنی آدابِ گفتگو کی رہنمائی

زبان اللہ کی عطا کردہ نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت ہے ۔ انسان  کی حیات میں زبان جیسی نعمت  کا استعمال اور اس کی اہمیت کس قدر ہے اس کا موازنہ  ہر شخص گونگے  سے بخوبی لگا سکتا ہے ۔معاشرتی مسائل میں ہر فرد کا تعلق ایک دوسرے سے ہوتا ہے ۔اپنی بات کہنے کے لیے انسان زبان ہی کا سہارا لیتا ہے جس کے ذریعے وہ کسی سے اپنی بات کہہ پاتا ہے اور اپنی مراد حاصل کرتا ہے ۔ قرآن کریم اور احادیث طیبہ میں معاشرتی مسائل کے حل کے لیے اخلاقی گفتگو کے آٹھ اوصاف کا بیان ہوا ہے ۔یہ آٹھ اوصاف ایسے ہیں جن سے گفتگو کا  مزین ہونا گفتگو کو بامعنی اور باحیثیت بناتا ہے اور معاشرے کے اندر بہتری لاتا ہے ۔

پہلا :قول معروف (اچھی اور بھلی بات کہنا )

اللہ فرماتا ہے : قَوْلٌ مَعْرُوفٌ وَمَغْفِرَةٌ خَيْرٌ مِنْ صَدَقَةٍ يَتْبَعُهَا أَذًى وَاللَّهُ غَنِيٌّ حَلِيمٌ (بقرہ:۲۶۳)

ترجمہ: بھلی بات کہنا اور درگذر کرنا اس صدقے سے بہتر ہے جس کے بعد کوئی تکلیف پہنچائی جائے اور اللہ بڑا بے نیاز بہت بردبار ہے ۔

اللہ فرماتا ہے : وَلَا تُؤْتُوْا السُّفَهَاءَ أَمْوَالَكُمُ الَّتِيْ جَعَلَ اللَّهُ لَكُمْ قِيَامًا وَارْزُقُوْهُمْ فِيْهَا وَاكْسُوْهُمْ وَقُوْلُوْا لَهُمْ قَوْلًا مَعْرُوْفًا(النساء:۵)

ترجمہ: اور ناسمجھ کو اپنے وہ مال حوالے نہ کرو جن کو اللہ نے تمہارے لیے زندگی کا سرمایہ بنایا ہے ہاں ان کو ان میں سے کھلاؤ اور پہناؤ اور ان سے مناسب انداز میں بات کر و ۔

مذکورہ بالا دونوں آیات میں اللہ نے قول معروف کا ذکر کیا ہے ۔جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ نے انسان کو بھلی بات ، معروف بات کرنے کا حکم دیا ہے ۔ اسی طرح روایات میں بھی اچھی اور بھلی بات کا حکم آیا ہے اور اس کی اللہ کے رسول ﷺ نے ترغیب دی ہے ۔

عَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: كُلُّ سُلَامَى مِنَ النَّاسِ عَلَيْهِ صَدَقَةٌ، كُلَّ يَوْمٍ تَطْلُعُ فِيْهِ الشَّمْسُ، يَعْدِلُ بَيْنَ الِاثْنَيْنِ صَدَقَةٌ، وَيُعِيْنُ الرَّجُلَ عَلَى دَابَّتِهِ فَيَحْمِلُ عَلَيْهَا أَوْ يَرْفَعُ عَلَيْهَا مَتَاعَهُ صَدَقَةٌ، وَالْكَلِمَةُ الطَّيِّبَةُ صَدَقَةٌ. (صحیح بخاری ، رقم:۲۹۸۹، سلطانیہ)

ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: انسان کے بدن کے ہر جوڑ پر ہر اس دن صدقہ واجب ہے جس میں سورج طلوع ہوتا ہے ۔دولوگوں  کے مابین انصاف کرنا صدقہ ہے ۔پیدل چلتے شخص کو اپنی سواری پر سوار کرلینا یا اس کے سامان کواپنی سواری پر لا دلینا صدقہ ہے ۔پاکیزہ کلام صدقہ ہے۔

اس حدیث میں اللہ کے نبی ﷺ نے پاکیزہ کلام کہنے کو صدقہ شمار کیا ہے ۔انسان اپنی زبان سے پاکیزہ  بات کہتا ہے تو اسے اجر ملتا ہے اور اس پاکیزہ کلمے کا اثر اس کی ذات اور دوسروں پر بھی ہوتا ہے ۔ اسی طرح دوسری روایت میں ہے :

عَنْ عَدِيِّ بْنِ حَاتِمٍ قَالَ: ذَكَرَ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ النَّارَ، فَتَعَوَّذَ مِنْهَا وَأَشَاحَ بِوَجْهِهِ، ثُمَّ ذَكَرَ النَّارَ، فَتَعَوَّذَ مِنْهَا وَأَشَاحَ بِوَجْهِهِ. قَالَ شُعْبَةُ: أَمَّا مَرَّتَيْنِ فَلَا أَشُكُّ، ثُمَّ قَالَ: اتَّقُوْا النَّارَ وَلَوْ بِشِقِّ تَمْرَةٍ، فَإِنْ لَمْ تَجِدْ فَبِكَلِمَةٍ طَيِّبَةٍ.

( صحیح بخاری، رقم: ۶۰۲۳، سلطانیہ)

حضرت عدی بن حاتم رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے جہنم کی آگ کا ذکر فرمایا، پھر اس سے پناہ مانگی اور اپنا چہرہ ایک طرف پھیر لیا۔ پھر دوبارہ جہنم کا ذکر فرمایا، اس سے پناہ مانگی اور اپنا چہرہ ایک طرف پھیر لیا۔راوی شعبہ کہتے ہیں: مجھے اس بات میں شک نہیں کہ آپ ﷺ نے یہ عمل دو مرتبہ کیا۔پھر آپ ﷺ نے فرمایا: جہنم کی آگ سے بچو، اگرچہ آدھی کھجور ہی صدقہ کرکے کیوں نہ ہو، اور اگر یہ بھی نہ ملے تو اچھی بات کہہ کر ہی سہی۔

اس حدیث میں اللہ کے نبی ﷺ نے خود جہنم کی آگ سے پناہ مانگا ہے اور دوسروں کو بھی جہنم کی آگ سے بچنے کی تلقین کی ہے ۔ آپ نے فرمایا کہ جہنم کی آگ سے بچو اگر چہ تمہارے پاس کھجور کا صرف آدھا حصہ ہو ۔اگر اسے دوسروں کو کھلائے گا تو اس پر اسے اجر ملے گا اور اللہ جہنم کی آگ سے محفوظ رکھے گا ۔ پھر آپ نے فرمایا کہ اگر تمہارے پاس یہ بھی نہ ہو تواچھی بات کہہ کر جہنم کی آگ سے بچو۔ اس لیے کہ اچھی بات سے دوسرے انسان کا دل خوش ہوتا ہے اور یہ عمل ایسا ہے کہ اللہ اس عمل کے ذریعے انسان کو جہنم کی آگ سے بچاتا ہے ۔

اسلام کی تعلیم کے مطابق ہر اچھا کام ،ہر بھلائی اور ہر نیکی صدقہ کے حکم میں ہے چاہے وہ مالی ہو یا غیر مالی جیسے کسی کی مدد کرنا ،اچھی بات کہنا ،راستے سے تکلیف دہ چیز ہٹا دینا وغیرہ ۔

موجودہ معاشرے کے اندر اس بات کی بڑی کمی پائی جاتی ہے کہ انسان اچھی بات کہنے سے دور رہتا ہے اور لغویات اور بے ہودہ قسم کی لایعنی باتوں میں مشغول رہتا ہے

 جس کا اثر خود اس کی ذات اور خاندان ومعاشرے پر پڑتا ہے اور اس کے گناہوں کے دفتر میں اضافہ ہوتا رہتا ہے۔ انسان کو قول معروف اپنانے کی طرف قدم بڑھانا چاہیے جو اس کے  اور معاشرے کے لیے نفع مند ہے ۔

موجودہ دورمیں اس کی عملی صورت یہ ہوسکتی ہے  کہ انسان معاملات جیسے خرید وفروخت اور آپسی معاملات میں بھلی اور صاف ستھری زبان استعمال کرے ۔ ایسے ہی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاکیزہ او ر صاف ستھری زبان استعمال کرے ؛ اس لیے کہ سوشل میڈیا ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں پوری دنیا کے لوگ جڑے ہوتے ہیں ایسے میں انسان  کا یہ عمل صرف اس کی ذات تک نہیں رہتا بلکہ دوسروں تک بھی پہنچتا ہے اور اس کا اثر بھی بہت جلد ہوتا ہے ۔

دوسرا: قول سدید (درست بات )

اللہ فرماتا ہے : يَا أَيُّهَا الَّذِيْنَ آمَنُوْا اتَّقُوْا اللَّهَ وَقُوْلُوْا قَوْلًا سَدِيْدًا(الاحزاب:۷۰)

ترجمہ:اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سیدھی سچی بات کہا کرو۔

اس آیت کریمہ میں اللہ نے تقوی کے ساتھ درست اور سچی بات کہنے کا حکم دیا ہے ۔بندہ اس معاملے میں اپنے رب سے ڈرتا رہے کہ کہیں اس کی زبان سے جھوٹ نہ نکل جائے اور وہ رب کی سزا کا مستحق بن جائے ۔ جب بھی بولے تو درست اور سچ ہی بولے جس  کا اثر اس کی ذات اس کی آل اولاد اور معاشرے پر ہوگا اور سچائی فروغ پائے گا اور جھوٹ کا خاتمہ ہوگا ۔نبی کریم ﷺ نے بھی احادیث میں سچ بولنے کی جانب ابھارا ہے ۔

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: عَلَيْكُمْ بِالصِّدْقِ، فَإِنَّ الصِّدْقَ يَهْدِيْ إِلَى الْبِرِّ، وَإِنَّ الْبِرَّ يَهْدِيْ إِلَى الْجَنَّةِ، وَمَا يَزَالُ الرَّجُلُ يَصْدُقُ وَيَتَحَرَّى الصِّدْقَ حَتَّى يُكْتَبَ عِنْدَ اللَّهِ صِدِّيْقًا.( صحیح مسلم ،رقم: ۲۶۰۷، ترکیہ)

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:تم پر سچائی کو لازم پکڑنا چاہیے، کیونکہ سچائی نیکی کی طرف رہنمائی کرتی ہے، اور نیکی جنت کی طرف لے جاتی ہے۔ اور آدمی مسلسل سچ بولتا رہتا ہے اور سچائی کو اختیار کرنے کی کوشش کرتا رہتا ہے یہاں تک کہ وہ اللہ کے نزدیک سچوں میں لکھ دیا جاتا ہے۔

اس حدیث میں اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا کہ سچائی ایسی چیز ہے جو انسان کو نیکی کی جانب لے جاتا ہے اور ایک بندہ جب نیک ہوجاتا ہے تو جنت کا حقدار ہوجاتا ہے جنت اس کا ٹھکانہ ہوتا ہے ۔ اگر کوئی بندہ برابر سچ بولتا رہے یا اس کی کوشش میں لگا رہے تو اللہ اسے سچوں میں لکھ دیتا ہے ۔ یہ ایسی حدیث ہے جو بندے کو سچائی اختیار کرنے پر مہمیز کرتی ہے ۔ایسے ہی ایک دوسری روایت میں اللہ کے نبی ﷺ نے شک سے دور رہنے اور دل کو مطمئن کرنے والی بات سچائی کو اختیار کرنے کا حکم دیا ہے ۔

عَنِ الْحَسَنِ بْنِ عَلِيٍّ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، قَالَ: قَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: دَعْ مَا يَرِيْبُكَ إِلَى مَا لَا يَرِيْبُكَ، فَإِنَّ الصِّدْقَ طُمَأْنِيْنَةٌ، وَإِنَّ الْكَذِبَ رِيْبَةٌ.( سنن ترمذی ،رقم: ۲۵۱۸)

حضرت حسن بن علی رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس چیز میں تمہیں شک ہو اس چیز کو چھوڑ کر اس چیز کو اختیار کرو جس میں شک نہ ہو کیوں کہ سچائی دل کو مطمئن کرتی ہے اور جھوٹ شک اور بے چینی پیدا کرتی ہے ۔

سچ بولنا یہ مومن کی علامت ہے اور جھوٹ بولنا یہ منافق کی علامت ہے ۔اللہ کے نبی ﷺ نے حدیث میں اس طرف رہنمائی کر کے لوگوں کوایک میزان عطا کر دیا کہ  کوئی جب بھی بات کرےاور جھوٹ بولے اور وعدہ خلافی کرے  تو وہ یہ جان لے کہ اس کے اندر نفاق پایاجاتا ہے ۔

عَنْ أَبِيْ هُرَيْرَةَ أَنَّ رَسُوْلَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: آيَةُ الْمُنَافِقِ ثَلَاثٌ: إِذَا حَدَّثَ كَذَبَ، وَإِذَا وَعَدَ أَخْلَفَ، وَإِذَا ائْتُمِنَ خَانَ.(صحیح مسلم ،رقم: ۵۹،ترکیہ)

ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا : منافق کی تین علامت ہے :جب بات کرے تو جھوٹ بولے ،جب وعدہ کرے تو وعد ہ خلافی کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو امانت میں خیانت کرے ۔

منافق کی مذکورہ تینوں علامتوں پر گہری نظر ڈالیں تو یہ تینوں ایسی باتیں ہیں کہ لوگوں کے مابین نااتفاقی ،بد امنی اور نفرتیں انہیں باتوں سے پیدا ہوتی ہیں ۔ لوگ وعدہ خلافی ،امانت میں خیانت اور جھوٹ سے دور ہوجائیں تو معاشرہ امن وسکون سے بھر جائے گا ۔

اس  زمانے میں اس کی عملی صورت یہ بن سکتی ہے کہ ایک بیٹا اپنے والد کے ساتھ ،ایک ملازم اپنے مالک کے ساتھ ،ایک استاد تدریس کے دوران  ،غرض کہ زندگی کے ہر گوشے میں انسان صدق کو اپنائے اس میں دروغ اور کذب بیانی سے کام نہ لے ایسا کرنے سے اس کی ذات بھی مطمئن ہوگی اور معاشرے کا ہر فرد سکون واطمیان محسوس کرے گا ۔

تیسرا: قول بلیغ ( اثر دار اور دل میں اترنے والی بات )

اللہ فرماتا ہے : أُولَٰئِكَ الَّذِيْنَ يَعْلَمُ اللَّهُ مَا فِيْ قُلُوْبِهِمْ فَأَعْرِضْ عَنْهُمْ وَعِظْهُمْ وَقُلْ لَهُمْ فِيْ أَنْفُسِهِمْ قَوْلًا بَلِيْغًا (النساء:۶۳)

ترجمہ: یہ وہ لوگ ہیں کہ اللہ ان کے دلوں کی باتیں جانتا ہے ۔لہذا تم انہیں نظر انداز کرو ،انہیں نصیحت کرو اور ان سے خود ان کے بارے میں ایسی بات کہتے رہو جو دل میں اترجانے والی ہو ۔

اس آیت کی دو تفسیریں ہیں ایک یہ کہ ان کو تنہائی میں نصیحت کیجیے ،کیوں کہ تنہائی میں نصیحت کے قبول کرنے کی توقع زیادہ ہوتی ہے ۔دوسری تفسیر یہ ہے کہ ان سے ایسی اثر آفریں بات کیجیے جو ان کے دلوں میں اتر جائے ۔ (تبیان القرآن ،ج ۲ ص ۷۱۴)

انسان کی گفتگو ایسی ہو جو اثر دار ہو ،جس گفتگو کو سن کر انسان متاثر ہوجائے اور ان کے دلوں میں بات گھر کر جائے ۔ اگر نصیحت کی جائے تو نصیحت کی گفتگو ایسی ہو جو بلیغ اور با اثر ہو جو انسان  کے دل میں پیوست ہوجائے ۔ لوگ بامعنی اور اثردار گفتگو پسند کرتے ہیں سطحی گفتگو  پسند نہیں کرتے ۔ روایت میں ہے اللہ کے نبی ﷺ نے گفتگو کے حوالے سے فرمایا کہ بعض بیان اور گفتگو ایسے ہوتے ہیں جو جادو معلوم ہوتا ہو ۔جس سے انسان متحیر ہوجاتا ہے ۔

عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُمَا، أَنَّهُ قَدِمَ رَجُلَانِ مِنَ الْمَشْرِقِ فَخَطَبَا، فَعَجِبَ النَّاسُ لِبَيَانِهِمَا، فَقَالَ رَسُوْلُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِنَّ مِنَ الْبَيَانِ لَسِحْرًا.(صحیح بخاری ،رقم:۵۷۶۷،سلطانیہ)

حضرت عبد اللہ ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے وہ فرماتے ہیں کہ مشرق سے دو شخص آئے اور ان دونوں نے خطبہ دیا ، لوگوں نے ا ن دونوں کے فصیح بیان کو پسند کیا اور حیران ہوئے  تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : بے شک بعض بیان ایسا ہوتا ہے جیسے جادو ہو ۔

معاشرے میں  لوگوں کے درمیان جھوٹ اور دروغ پھیلا ہو اگر ان باتوں کی وعید اور برے اثرات کے بارے میں کوئی شخص ایسی گفتگو کرے جو واقعی جادو جیسی ہو تو وہ نصیحت لوگوں کے قلوب پر اثر کرتی ہے اور لوگ ان باتوں سے دور رہنا شروع کر دیتے ہیں اور معاشرے میں اچھائی کا فروغ ہونے لگتا ہے ۔اس لیے گفتگو بلیغ اور فصیح ہونی چاہیے ۔

معاشرے میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ انسان نے بولا کچھ اور سننے والے نے کچھ سمجھ لیا  کیو نکہ اس کی گفتگو صاف اور واضح نہیں تھی جس کا اثر یہ ہوتا ہے کہ بڑے سنگین مسائل جنم لے لیتے ہیں اور معاشرہ فساد زدہ  ہوجاتا ہے ۔ معاشرے کو بگاڑ اور ناچاکی  سے محفوظ رکھنے کا بہتر طریقہ یہ ہے کہ انسان بولے تو اچھی بات بولے اور واضح  بولے تا کہ اس کی گفتگو سے کوئی شر اور فساد نہ لازم آئے ۔

اللہ کے نبی ﷺ نے لوگوں کو گفتگو کا سلیقہ بھی بتایا کہ انسان معاشرے میں جب رہے اور گفتگو کرے تو اس کی گفتگو ایسی ہو کہ سننے والا اس کی بات بخوبی سمجھ سکے ۔جیسا کہ آنے والے روایات میں اللہ کے نبی ﷺ کی گفتگو کی صفات کا ذکر ہے جو معاشرے کے ہر فرد اور جماعت کے لیے نمونہ ہے ۔

عَنْ عَائِشَةَ، قَالَتْ: كَانَ كَلَامُ رَسُوْلِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَلَامًا فَصْلًا، يَفْهَمُهُ كُلُّ مَنْ سَمِعَهُ.

(سنن ابو داؤد،رقم:۴۸۳۹)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کی گفتگو واضح اور الگ الگ ہوا کرتی تھی جسے سننے والا ہر شخص سمجھ لیتا تھا ۔

رسول اللہ ﷺ جب بھی بولتے تو صاف بولتے جسے سننے والا ہر شخص سمجھ جاتا تھا ۔ اسی طرح جب آپ گفتگو کرتے جلدی جلدی گفتگو نہیں کرتے بلکہ آپ کی گفتگو میں ٹھہراؤ ہوتاتھا جیسا کہ حضرت عائشہ کی اس روایت میں ملاحظہ کیا جاسکتا ہے :

عَنْ عَائِشَةَ أَنَّهَا قَالَتْ أَلَا يُعْجِبُكَ أَبُو فُلَانٍ جَاءَ فَجَلَسَ إِلَى جَانِبِ حُجْرَتِي يُحَدِّثُ عَنْ رَسُولِ اللهِ صلى الله عليه وسلم يُسْمِعُنِي ذَلِكَ وَكُنْتُ أُسَبِّحُ فَقَامَ قَبْلَ أَنْ أَقْضِيَ سُبْحَتِي وَلَوْ أَدْرَكْتُهُ لَرَدَدْتُ عَلَيْهِ إِنَّ رَسُولَ اللهِ صلى الله عليه وسلم لَمْ يَكُنْ يَسْرُدُ الْحَدِيثَ كَسَرْدِكُمْ.(صحیح بخاری ،رقم: ۳۵۶۸،سلطانیہ)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں:کیا تمہیں فلاں شخص پر تعجب نہیں ہوتا؟ وہ آیا اور میرے حجرے کے پاس بیٹھ کر رسول اللہ ﷺ کی حدیثیں بیان کرنے لگا اور تیزی سے مسلسل بیان کرتا جا رہا تھا۔ اس وقت میں تسبیح پڑھ رہی تھی۔ وہ میرے تسبیح مکمل کرنے سے پہلے ہی اٹھ کر چلا گیا۔ اگر میں اسے پا لیتی تو اسے کہتی کہ رسول اللہ ﷺ اس طرح جلدی جلدی اور مسلسل حدیث بیان نہیں کرتے تھے جیسے تم بیان کرتے ہو۔

رسول کریم ﷺ جب بھی گفتگو فرماتے تو اپنی بات کو تین بار دوہراتے تا کہ بات بخوبی سمجھ آجائے ۔

عَنْ أَنَسٍ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهُ كَانَ إِذَا تَكَلَّمَ بِكَلِمَةٍ أَعَادَهَا ثَلَاثًا حَتَّى تُفْهَمَ عَنْهُ(صحیح بخاری ،رقم: ۹۵،سلطانیہ)

حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت بیان کرتے ہیں کہ نبی کریم ﷺ جب کوئی بات کہتے تو اسے تین بار دہراتے تھے تاکہ سننے والا بخوبی سمجھ سکے ۔

گفتگو کرتے وقت رسول کریم ﷺ کے اس نہج کو اپنانا معاشرے کے اندر بہتری اور اچھائی پیدا کرتی ہے ۔

ایک خطیب منبررسول پر جب وعظ ونصیحت کرے تو نبی کریم ﷺ کے اس طرز کو اپنائے ،ایسے جب انسان مکالمہ کرے تو اس دوران اپنی گفتگو واضح اور صاف طور سے رکھے ،مبہم اور متشابہ سے بچنے کی کوشش کرے ۔ ایسا کرنے سے جو غلط فہمیاں پیدا ہوتی ہیں وہ دور ہوں گی اور معاشرہ بہتر سے بہتر ہوگا۔

چوتھا :قول کریم( عزت واحترام والی بات )

اللہ فرماتا ہے :فَلَا تَقُل لَّهُمَآ أُفّٖ وَلَا تَنۡهَرۡهُمَا وَقُل لَّهُمَا قَوۡلا كَرِيما(الاسراء:۲۳)

ترجمہ: تو انہیں اف تک نہ کہو اور نہ انہیں جھڑ کو ،بلکہ ان سے عزت کے ساتھ بات کرو ۔

اللہ تعالی نے اس آیت میں ماں باپ کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا ہے اور انہیں اف تک کہنے سے منع فرمایا ہے ۔اولاد ان سے بات کرے تو عزت واحترام کے ساتھ بات کرے ان کے لہجے میں تلخی اورسختی نہ ہو ۔

اس آیت کی تفسیر میں ہے :  جب ماں ماں باپ کو اف تک کہنا منع ہے توا ن کے ساتھ سخت لہجہ میں بات کرنا اور ان کو ڈانٹ ڈپٹ کرنا یا ان کو مارنا بہ طریق اولی منع ہے، انسان جب ماں باپ سے بات کرے تو نظر نیچی رکھ کر بات کرے اور پست آواز میں بات کرے ،ایسے لہجہ میں بات نہ کرے جو توہین آمیز ہو اور نہ کوئی ایسی بات کرے جس سے ان کی دل شکنی ہو ،البتہ اگر وہ شریعت کے خلاف کوئی بات کہیں تو اس میں ان کی اطاعت نہ کرے ۔(تبیان القرآن ،ج۶ ص ۶۹۱)

گفتگو اور بات کرنے میں عزت واحترام ملحوظ رکھنا یہ ایسےاسلامی آداب ہیں جو ایک اچھے معاشرے کے لیے بنیادی حیثیت رکھتی ہے ۔ انسان جب کسی سے احترام کے ساتھ بات کرتا ہے تو اس کا دل خوش ہوتا ہے اور اس کے اندر بات کرنے والے کی محبت پیدا ہوتی ہے اور وہ اس کا احترام بھی کرنے لگتا ہے ۔ اسی لیے اللہ کے نبی ﷺ نے بڑوں کی عزت کرنے اور چھوٹوں پر شفقت کرنے کا حکم دیا اور اس کے خلاف کرنے والے کو اپنے طریقے سے برگشتہ شمار کیا ہے ۔روایت میں ہے :

عَنْ ابْنِ عَبَّاسٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم: لَيْسَ مِنَّا مَنْ لَمْ يَرْحَمْ صَغِيرَنَا، وَيُوَقِّرْ كَبِيرَنَا، وَيَأْمُرْ بِالمَعْرُوفِ وَيَنْهَ عَنِ المُنْكَرِ(سنن ترمذی ،رقم:۱۹۲۱)

حضرت عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : وہ شخص ہم میں سے نہیں جو ہمارے چھوٹوں پر رحم نہ کرے ہمارے بڑوں کی عزت نہ کرے اور نیکی کا حکم نہ دے اور برائی سے منع نہ کرے ۔

اکثر دیکھا جاتا ہے کہ انسان اپنے مہمان کی عزت صحیح طور سے نہیں کر تے جس کا اثر یہ ہوتا ہےکہ محبت میں کمیاں  ہونے لگتی ہیں اور دوریاں بڑھتی ہیں اورپھر یہ دوریاں  عداوت کی شکل اختیار کر لیتی ہیں ۔ مہمان کے سامنے خوردو نوش کے انواع واقسام سجا ہوتا ہے لیکن ان سے  بات نہیں کی جاتی اور نہ ان کی خبر خیریت لی جاتی ہے جس  سے ان کا دل ملول ہوتا ہے اور وہ کبیدہ خاطر ہوجاتا ہے  ۔

مہمان کی عزت یہ ہے کہ ان کے آنے پر انہیں پانی وغیرہ پیش کرنے سے پہلے خندہ پیشانی سے ملا جائے ان سے مصافحہ ومعانقہ کیا جائے، ان سے عزت واحترام کے ساتھ گفتگو کی جائے پھر انہیں کچھ پیش کیا جائے ۔ روایت میں ہے کہ اللہ کے نبی ﷺ نے مہمان کی عزت اورا ن کے احترام کا حکم دیاہے ۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم: مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِاللهِ وَالْيَوْمِ الْآخِرِفَلْيُكْرِمْ ضَيْفَهُ

(صحیح بخاری ،رقم: ۶۰۱۸،سلطانیہ)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ وہ اپنے مہمان کی عزت کرے ۔

مہمان کے ساتھ پاکیزہ گفتگو کرے اور ایسی بات کرے جس سے اس کا دل خوش ہو اور سفر کا تھکان دور ہو ۔یہ ساری باتیں ان کے  ساتھ احترام کا حصہ ہے ۔ معاشرے کے اندر اس بات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔

پانچواں :قول میسور( آسانی والی بات )

اللہ فرماتا ہے : وَإِمَّا تُعۡرِضَنَّ عَنۡهُمُ ٱبۡتِغَآءَ رَحۡمَةٖ مِّن رَّبِّكَ تَرۡجُوهَا فَقُل لَّهُمۡ قَوۡلا مَّيۡسُورا (الاسراء:۲۸) 

اور اگر کبھی تمہیں ان سے اس لیے منہ پھیرنا پڑے کہ تمہیں اللہ کی متوقع رحمت کا انتظار ہو تو ایسے میں ان کے ساتھ نرمی سے بات کر لیا کرو ۔

بات میں نرمی اختیار کرنا ایسا عنصر ہے جو سخت سے سخت انسان کے دل کو نرم کردیتا ہے اور ان کےاندر محبت بھر دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالی نے قرآن میں  کئی مقامات پر قول میں نرمی اختیار کرنے کا حکم دیا ہے اور اس صفت سے مزین ہونے کی  ترغیب دی ہے ۔اللہ کے نبی ﷺ نے اپنی احادیث میں بھی نرمی  اختیار کرنے  کی طرف متوجہ کیا ہے ۔نیز دین کے اندر سختی کرنے سے بھی منع فرمایا ہے اور اس بات کی جانب توجہ دلائی ہے کہ دین مکمل  آسان ہے اس دین کے اندر سختی نہیں ہے جو شخص دین میں سختی کرے گا تو دین اس پر غالب آجائے گا وہ دین پر غالب نہیں آسکتا؛ اس لیے انسان کو اپنے قول میں آسانی اور نرمی برتنی چا ہیے جس کا اس کی ذات پر مثبت اثر ہوگا اور معاشرے میں نرم لہجہ اور نرم رویہ کا فروغ ہوگا ۔

ذیل میں ان روایات کو ملاحظہ کریں کہ جس کے اندر  دین میں آسانی پیدا کرنے  کی دعوت دی گئی ہےاور سختی سے منع کیا گیا ہے  ۔

عَنْ أَنَسٍ، عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ:يَسِّرُوا وَلَا تُعَسِّرُوا، وَبَشِّرُوا وَلَا تُنَفِّرُوا(صحیح بخاری ،رقم: ۶۹،سلطانیہ)

حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: آسانی پیدا کرو ،سختی نہ کرو ،اور لوگوں کو خوشخبری سناؤ انہیں نفرت نہ دلاؤ۔ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ: إِنَّ الدِّينَ يُسْرٌ، وَلَنْ يُشَادَّ الدِّينَ أَحَدٌ إِلَّا غَلَبَهُ، فَسَدِّدُوا وَقَارِبُوا، وَأَبْشِرُوا، وَاسْتَعِينُوا بِالْغَدْوَةِ وَالرَّوْحَةِ، وَشَيْءٍ مِنَ الدُّلْجَةِ(صحیح بخاری ،رقم: ۳۹،سلطانیہ)

حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: بے شک دین آسان ہے اور جوشخص دین میں سختی کرےگا تو دین اس پر غالب آجائے گا پس اپنے عمل میں پختگی پیدا کرو اورمیانہ روی برتو اور خوش رہو ۔صبح وشام اور رات کے کچھ حصے میں (عبادت سے ) مدد حاصل کرو ۔ عَنِ أَبَي هُرَيْرَةَ قَالَ: «قَامَ أَعْرَابِيٌّ فَبَالَ فِي الْمَسْجِدِ، فَتَنَاوَلَهُ النَّاسُ، فَقَالَ لَهُمُ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم: دَعُوهُ وَهَرِيقُوا عَلَى بَوْلِهِ سَجْلًا مِنْ مَاءٍ،فَإِنَّمَا بُعِثْتُمْ مُيَسِّرِينَ، وَلَمْ تُبْعَثُوا مُعَسِّرِينَ(صحیح بخاری ،رقم: ۲۲۰،سلطانیہ) ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتےہیں کہ ایک اعرابی مسجد میں آیا اور کھڑے ہوکر پیشا ب کردیا ،لوگ اسے روکنے کے لیے کھڑے ہوئے تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا : اسے چھوڑ دو اور اس کے پیشاب پر ایک ڈول پانی بہا دو ،کیوں کہ تمہیں آسانی پیدا کرنے والا بنا کر بھیجا گیا ہے

 سختی کرنے والا بنا کر نہیں بھیجا گیا ہے ۔

دعوت وتبلیغ کا میدان ہو یا زندگی کے جتنے ادوار ہوں ان میں زبان وبیان اور گفتگو میں شائستگی ونرمی کا ہونا نہایت ہی اہم اور اشد ضروری ہے اس لیے کہ انسان کی زبان جب نرم ہوتی ہے تو اس کا اثر زیادہ ہوتا ہے یہی وجہ ہے کہ دین نے نرم لہجہ اور درست بات کا حکم دیا ہے ۔ آج زیادہ ےتر فتنو ں کا ایک سبب یہ بھی نظر آتا ہے کہ انسان کے لہجے میں نرمی کے بجائے سختی کا پہلو زیادہ ہوتا ہے اور یہ ان کی تحریروں میں بھی دکھتا ہے جسے پڑھ کر اگلا شخص بدظن ہوتا ہے اور اس کے اندر اس سے نفرت پیدا ہوجاتی ہے ۔ ایک صالح اور بہتر معاشرے کے لیے ضروری ہے کہ معاشرے کا ہر فرد سختی اور تشدد کو چھوڑ کر آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کرے اور اس طرف قدم بڑھائیں ۔اپنے بچوں کی تربیت اس انداز سے کرے کہ ان کے اندر تشدد اور سختی کے بجائے اعتدال اور توازن جیسی فکر پروان چڑھے ۔

چھٹا: قول لین ( نرم اور مہربان بات )

اللہ فرماتا ہے : َقُولَا لَهُۥ قَوۡلٗا لَّيِّنٗا لَّعَلَّهُۥ يَتَذَكَّرُ أَوۡ يَخۡشَىٰ (طہ:۴۴)

ترجمہ :جاکر دونوں اس سے نرمی سے بات کرنا شاید وہ نصیحت قبول کرے یا اللہ سے ڈرے ۔

اللہ تعالی نے اس آیت میں فرعون جیسے جابر بادشاہ سے دونوں رسولوں کو نرمی سے بات کرنے کا حکم دیاہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ قول میں نرمی چاہتا ہے سختی نہیں چاہتا ہے ۔  یہ بات بھی  مذکورہ بالا بات ہی سے متعلق ہے ۔ انسان گفتگو کے اندر نرمی کے ساتھ مہربانی کا پہلو بھی ملحوظ رکھے اور سختی سے دوری بنائے رکھے ۔ ذیل میں اسی حوالے سے چند روایات ذکر کیے گئے ہیں جس میں نرمی کو برتنے اور سختی سے دور رہنے کی رہنمائی کی گئی ہے ؛ اس لیےکہ جو نرمی سے محرو م کردیا جائے تو وہ بھلائی سے محروم کردیا جاتا ہے ۔ عَنْ عَائِشَةَ رضي الله عنها قَالَتِ: اسْتَأْذَنَ رَهْطٌ مِنَ الْيَهُودِ عَلَى النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم، فَقَالُوا: السَّامُ عَلَيْكَ، فَقُلْتُ: بَلْ عَلَيْكُمُ السَّامُ وَاللَّعْنَةُ، فَقَالَ: "يَا عَائِشَةُ، ‌إِنَّ ‌اللَّهَ ‌رَفِيقٌ يُحِبُّ الرِّفْقَ فِي الْأَمْرِ كُلِّهِ"، قُلْتُ: أَوَلَمْ تَسْمَعْ مَا قَالُوا؟ قَالَ: "قُلْتُ: وَعَلَيْكُمْ. (صحیح بخاری ،رقم: ۶۹۳۳،سلطانیہ) 

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بیان کرتی ہیں کہ چند یہودی نبی کریم ﷺ کے پاس آنے کی اجازت لے کر آئے اور انہوں نے کہا : السام علیک تم پر موت ہو ۔تو میں نے کہا : بلکہ تم پر موت اور لعنت ہو ،اس پر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے عائشہ ! اللہ تعالی نرم ہے اور ہر معاملے میں نرمی کو پسند کرتا ہے ۔میں نے عرض کیا : یا رسول اللہ ! کیا آپ نے نہیں سنا کہ انہوں نے کیا کہا ؟ آپ نے فرمایا : میں نے جواب میں صرف یہ کہا : اور تم پر بھی ۔عَنْ عَائِشَةَ زَوْجِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ:إِنَّ الرِّفْقَ لَا يَكُونُ فِي شَيْءٍ ‌إِلَّا ‌زَانَهُ، وَلَا يُنْزَعُ مِنْ شَيْءٍ إِلَّا شَانَهُ(صحیح مسلم ،رقم:۲۵۹۴)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا : نرمی جس چیز میں بھی  ہوتی ہے اسے خوبصورت بنا دیتی ہے اور جس چیز سے نرمی نکال لی جائے وہ بدصورت ہوجاتی ہے ۔

عَنْ عَبْدِ الرَّحْمَنِ بْنِ هِلَالٍ قَالَ: سَمِعْتُ جَرِيرَ بْنَ عَبْدِ اللهِ يَقُولُ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم: مَنْ يُحْرَمِ الرِّفْقَ يُحْرَمِ الْخَيْرَ(صحیح مسلم ،رقم:۲۵۹۲)

حضرت جریربن عبد اللہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص نرمی سے محروم کر دیا جائے وہ بھلائی سے محروم کر دیا جاتا ہے ۔

ساتواں:قول عظیم (بڑی  سنگین  بات )

اللہ فرماتا ہے : إِنَّكُمۡ لَتَقُولُونَ قَوۡلًا عَظِيما(الاسراء:۴۰) 

بےشک  تم لوگ بڑی  سنگین بات کہہ رہے ہو ۔

اس آیت میں اللہ نے قول کے ساتھ لفظ عظیم کا ذکر کیا ہے ۔کفار ومشرکین اللہ کے لیے بیٹیاں بناتے تھے تو اللہ نے کہا کہ تم لوگ ایسی بات کہہ رہے ہو جو بڑی سنگین اور عظیم بات ہے  ۔

انسان جب گفتگو کرے تو سوچ سمجھ کر کرے کیوں کہ زبان ایسی چیز ہے کہ انسان اسی زبان سے ایسی بات بولتا ہے جس سے اللہ راضی ہوتا ہے اور کبھی ایسی بات بول دیتا ہے جس سے اللہ ناراض ہوتا ہے ۔ جیسا کہ احادیث میں ہے :

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ: "إِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ رِضْوَانِ اللَّهِ لَا يُلْقِي لَهَا بَالًا يَرْفَعُ الله بِهَا دَرَجَاتٍ(صحیح بخاری ،رقم: ۶۴۸۶،سلطانیہ) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا :بے شک بندہ کبھی ایسی بات کہہ دیتا ہے جو اللہ کی رضا کا سبب ہوتی ہے اور وہ اس کی اہمیت کو زیادہ نہیں سمجھتا ،لیکن اللہ تعالی اس کی وجہ سے اس کے درجات بلند فرما دیتا ہے ۔ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ:إِنَّ الْعَبْدَ لَيَتَكَلَّمُ بِالْكَلِمَةِ مِنْ سَخَطِ اللهِ لَا يُلْقِى لَهَا بَالًا يَهْوِى بِهَا فِي جَهَنَّمَ(صحیح بخاری ،رقم: ۶۴۸۶،سلطانیہ)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: بے شک بندہ کبھی ایسی بات کہتا ہے جو اللہ کی ناراضی کا سبب ہوتی ہے اور وہ اس کی پروا بھی نہیں کرتا لیکن اسی وجہ سے وہ جہنم میں جا گرتا ہے ۔

عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم: إِنَّ الرَّجُلَ لَيَتَكَلَّمُ بِالكَلِمَةِ لَا يَرَى بِهَا بَأْسًا يَهْوِي بِهَا سَبْعِينَ خَرِيفًا فِي النَّارِ(سنن ترمذی ،رقم:۲۳۱۴) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بے شک آدمی کبھی ایسی بات کہہ دیتا ہے جس میں وہ کوئی حرج نہیں سمجھتا ،مگر اسی کے سبب وہ جہنم میں ستر سال تک کے لیے جا گرتا ہے ۔ اس لیے زبان کو بہت سوچ سمجھ کر استعمال کرنی چاہیے ،ورنہ اسی زبان کے متعلق اللہ کے نبی ﷺ فرماتے ہیں کہ لوگ اسی زبان کی وجہ سے جہنم میں ڈالے جائیں گے ۔ روایت میں ہے:

عَنْ مُعَاذِ بْنِ جَبَلٍ، قَالَ : أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ:  وَهَلْ يَكُبُّ النَّاسَ فِي النَّارِ عَلَى وُجُوهِهِمْ أَوْ عَلَى مَنَاخِرِهِمْ إِلَّا حَصَائِدُ أَلْسِنَتِهِمْ(سنن ترمذی ،رقم:۲۶۱۶)

حضرت معاذ ابن جبل رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کہ لوگ اسی زبان کی وجہ سے جہنم میں اپنے منہ کے بل یا فرمایا :اپنے نتھنوں کے بل گرائے جائیں گے۔ جو شخص زبان کو بری باتوں سے روک لیتا ہے اور ہر ان باتوں سے محفوظ کر لیتا ہے جس سے شریعت نے منع کیا ہے

 تو وہ نجات پانے والوں میں سے ہوجاتا ہے اور جو زبان کو کنٹرول نہیں کرتا اور ہر ممنوع بات سے زبان کو آلودہ کرتا ہے تو وہ جہنم سے نجات پانے والوں میں سے نہیں بلکہ جہنم میں جانے والوں سے ہوجاتا ہے ۔  معاشرے میں زبان کا صحیح استعمال شاید باید ملتا ہے ۔ اگر معاشرے میں لوگ زبان کو بری باتوں سے محفوظ کر لیں ،ہر ایسی باتوں سے پرہیز کرنے لگیں جس سے کوئی فساد لازم آتا ہو یا کوئی برائی جنم لیتی ہو اورباوقار گفتگو کرنے لگ جائیں  تو معاشرے کےاندر شاندار فضا قائم ہوجائے گا اور لوگوں کے اندر موجود بہت سی پوشیدہ بیماریاں  ختم ہونے لگیں گی ۔ موجودہ دور میں اس زبان کے خطرات کا ملاحظہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر زیادہ دیکھنے کو ملتا ہے ۔کبھی کبھی تو حیرت اور تعجب ہوتا ہے کہ اہل علم کی زبان اس قدر غلیظ کیسے ہوسکتی ہے ۔ذراسی بات پر طعن وتشنیع اور ہفوات بکنا اور ایک دوسرے کے خلاف بدگوئی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے جو اس پلیٹ فارم کو بھی داغدار کردیتا ہے ۔ مذکورہ روایات میں اس زبان سے نکلنے والی سنگین باتوں کا انجام کیا ہوتا ہے ان کا ذکر ہوا ہے ۔ یہ روایات ہمیں اس جانب مہمیز کرتی ہیں کہ اگر ہم اپنے معاشرے کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو اپنی زبان سے ایسی بات نہ کریں جو بڑی سنگین اور عظیم ہو جس کا نتیجہ خطرناک ہو ۔ 

آٹھواں:قول ثقیل (وزن دار اور ذمہ دار انہ بات )

اللہ فرماتا ہے : إِنَّا سَنُلۡقِي عَلَيۡكَ قَوۡلٗا ثَقِيلًا (مزمل:۵) 

ترجمہ: ہم تم پر ایک بھاری کلام نازل کرنے والے ہیں ۔ انسان جب بولے تو وزن دار بات بولے ورنہ خاموشی کو اپنائے رہے ۔ اس لیے کہ اللہ کے نبی ﷺ نے فرمایا ہے کہ ایک مومن کو  اچھی بات کرنی چاہیے ورنہ خاموش رہنا چاہیے ۔ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللهِ صلى الله عليه وسلم: مَنْ كَانَ يُؤْمِنُ بِالله ِوَالْيَوْمِ الْآخِرِ ‌فَلْيَقُلْ ‌خَيْرًا، أَوْ لِيَصْمُتْ(صحیح بخاری ،رقم: ۶۴۸۳،سلطانیہ) حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : جو شخص اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہو اسے چاہیے کہ وہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے ۔ 

اچھی بات کہنا اور بری بات  نہ کہنا یہ ایسافعل  ہے کہ اس پر جنت کی ضمانت دی گئی ہے ۔

 یہ بات واضح ہے کہ جو زبان سے اچھی بات کہے گا وہ جنت کا مستحق ہوگا اور اگر بری بات بولے گا تو جہنم کا مستحق ہوگا

عَنْ سَهْلِ بْنِ سَعْدٍ، عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم قَالَ: "‌مَنْ ‌يَضْمَنْ ‌لِي مَا بَيْنَ لَحْيَيْهِ، وَمَا بَيْنَ رِجْلَيْهِ أَضْمَنْ لَهُ الْجَنَّةَ(صحیح بخاری ،رقم: ۶۴۸۲،سلطانیہ)

حضرت سہل بن سعد  رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص مجھے اپنی دو جبڑوں کے درمیان والی چیز (زبان) اور اپنی دو ٹانگوں کے درمیان والی چیز (شرمگاہ) کی ضمانت دےدے میں اس کے لیے جنت کی ضمانت دیتا ہوں ۔

زبان ایسی چیز ہے کہ انسان زیادہ تر خطائیں اسی سے کرتا ہے اسی لیے اس پر کثرت سے وعید نازل ہوئی ہے اور اس کے خطرات سے آگاہ کیا گیا ہے تاکہ انسان زبان کو احتیاط کے ساتھ استعمال کرے ۔ روایت میں ہے :

عَنْ عَبْدِ اللهِ، أَنَّهُ ارْتَقَى الصَّفَا فَأَخَذَ بِلِسَانِهِ فَقَالَ: يَا لِسَانُ، قُلْ خَيْرًا تَغْنَمْ، وَاسْكُتْ عَنْ شَرٍّ تَسْلَمْ، مِنْ قَبْلِ أَنْ تَنْدَمَ، ثُمَّ قَالَ: سَمِعْتُ رَسُولَ اللهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ: «‌أَكْثَرُ ‌خَطَايَا ابنِ آدَمَ فِي لِسَانِهِ(المعجم الکبیر للطبرانی ،رقم:۱۰۴۴۶)

حضرت عبد اللہ ابن مسعود رضی اللہ عنہ صفا پہاڑی پر چڑھے اور اپنی زبان پکڑ پر فرمایا : اے زبان! اچھی بات کہہ تو فائدہ میں رہے گی ،اور بری بات سے خاموش رہ تو سلامت رہے گی ،اس سے پہلے کہ تجھے ندامت اٹھانی پڑے ،پھر انہوں نے فرمایا : میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا : آدمی  کی زیادہ تر خطائیں اس کی زبان کی وجہ سے ہوتی ہیں ۔

اس حدیث میں غور کریں کہ اس صحابی نے اپنی زبان پکڑ کر نصیحت کی تا کہ اس کا زبان کنٹرول میں رہے اور وہ آخرت میں ندامت سے بچ سکے ۔

خلاصہ یہ کہ مذکورہ بالا جو آٹھ قرآنی اوصاف بیان  ہوئے ہیں اگر ان اوصاف کو معاشرے کا ہر فرد اپنانے لگے تومعاشرے کے اندر بہت سے سنگین مسائل خود بخود حل ہونے لگیں گے اور معاشرہ بہتر سے بہتر کی طرف گامزن ہوگا ۔ ایک معاشرے کے اندر موجود بہت سارے مسائل کے حل کے لیے یہ باتیں اکسیر کی حیثیت رکھتی ہیں ۔

گفتگو میں شامل ہوں

تبصرے

تبصرے جائزے کے بعد شائع کیے جاتے ہیں۔ اپنی رائے احترام کے ساتھ پیش کریں۔

اے سی این اے کی معاونت

ایمان، علم اور خدمت کو فروغ دیں

آپ کی معاونت عبادت، تعلیم، علمی تحقیق، روحانی ثقافت اور ہمدردانہ سماجی خدمت کو مضبوط بناتی ہے۔

معاونت کریں