اداریہ

مسلم ممالک کا اُصول نبوی سے انحراف: سوہانِ روح

شمارہ ۱۰ · اکتوبر تا دسمبر ۲۰۲۶ • ڈاکٹر ایم، مہدیؔ کاظمی • اردو
مسلم ممالک کا اُصول نبوی  سے انحراف: سوہانِ روح
ڈاکٹر ایم، مہدیؔ کاظمی شمارہ ۱۰ · ۲۰۲۶ ۱۵ منٹ مطالعہ

فلسطین کا المیہ اور مسلم دنیا کی اخلاقی ذمہ داری

عیسائیت کے سات بڑے گناہ:غرور، حرص، شہوت، حسد، پیٹو پن، غصہ اور سستی،اسلامی اخلاقیات اور صوفیانہ روحانیت میں گہرے فکری مماثل رکھتے ہیں۔ اسلام ان خامیوں کو دل کی بیماریاں سمجھتا ہے،مثلاً: کبر (غرور)، حرص، شہوة (بے لگام خواہش)، حسد، اسراف (حد سے تجاوز)، غضب (بے قابو غصہ)اور کسل یا غفلت (سستی یا روحانی غفلت)۔ اگرچہ یہ بالکل ایک جیسی مذہبی اصطلاحات نہیں ہیں، لیکن یہ تمام ایسے محرکات کو بیان کرتی ہیں جو عدل، اعتدال اور اِنسانی وقار کو مجروح کرتے ہیں۔ قرآن پاک کا اعلان ہے:قَدْ اَفْلَحَ مَنْ زَكّٰىهَا وَ قَدْ خَابَ مَنْ دَسّٰىهَا(الشمس:۹-۱۰)

ترجمہ: بلاشبہ وہ بامرادہو ا جس نے اپنے نفس کو پاک کیا اور وہ نامراد ہوا جس نے اُسے آلودہ کر دیا۔

 اسی مناسبت سے تزکیہ نفس(نفس کی پاکیزگی)؛محاسبۂ نفس، ضبطِ نفس، عاجزی، شکرگزاری اور ہمدردی کا تقاضا کرتی ہے۔ابو حامد محمدغزالی(۱۰۵۸-۱۱۱۱ء)بالخصوص اپنی کتاب ’’احیاء علوم الدین‘‘ میں اخلاقی بگاڑ کی تشریح کرتے ہوئے بتاتے ہیں کہ یہ عقل اور الٰہی رہنمائی کے ذریعے خواہش اور غصے پر قابو نہ رکھ پانے کا نتیجہ ہے۔ نہ تو خواہش اپنی ذات میں بُری ہے اور نہ ہی غصہ۔ اگر اُن پر خاطر خواہ قابو رکھا جائے تو غصہ شجاعت بن جاتا ہے اور خواہش جائز ضروریات کو پورا کرتی ہے؛ لیکن اگر اُنھیں شتر بےمہار کی طرح چھوڑدیا جائے تو وہ ظلم، حرص اور شہوت کی شکل اختیار کر لیتے ہیں۔ اُن کا یہ نقطۂ نظر، ارسطو کے اُس نظریے سے ملتا جلتا ہے کہ نیکی انتہاؤں کے درمیان ایک اعتدال کا نام ہے، لیکن وہ اُس اعتدال کو یاد الٰہی، محاسبے اور باطنی تبدیلی کی ایک روحانی تربیت کے دائرے میں رکھتے ہیں۔ صوفیانہ اخلاقیات میں غرور، عاجزی میں، حسد، شکر گزاری میں، حرص، قناعت میں اور غفلت، ذکرِالٰہی اور شعوری آگاہی میں بدل جاتی ہے۔ اِس کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ اخلاقی محامد کی شروعات نفس کی اصلاح سے ہوتی ہے۔ ’’افراد کی روحانی بیماریاں قوموں کی اخلاقی بیماریاں بن سکتی ہیں۔‘‘

انفرادی گناہ سے قومی گناہ تک: اسلامی اخلاقیات میں قوموں کی اخلاقی ذمہ داری

کبیرہ گناہ کا تصور صرف افراد کی اخلاقی خامیوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اُس میں معاشروں، حکومتوں اور قوموں کا اجتماعی کردار بھی شامل ہے۔ جس طرح غرور، حرص، حسد، غصہ اور اخلاقی بے حسی کسی فرد کی روح کو بگاڑ سکتے ہیں، بالکل اُسی طرح یہ روحانی بیماریاں بھی کسی قوم کے سیاسی، معاشی اور سماجی ڈھانچے میں رچ بس سکتی ہیں۔ جب افراد کا تکبر سیاسی قیادت کا غرور بن جائے، جب ذاتی حرص استحصال کی پالیسی اختیار کر لے، جب نفرت ادارہ جاتی امتیاز کی شکل اختیار کر لے اور جب روحانی غفلت انسانی مصائب سے قومی بے توجہی بن جائے، تو ذاتی اخلاقی بگاڑ اجتماعی گناہ میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ اسلامی اخلاقی فکر کے اندر اِس طرزِ عمل کو ’’ظلم‘‘ (عدل اور جبر) کی ایک سنگین شکل سمجھا جاتا ہے۔ خاص طور پر جب یہ قرآن مجید میں نازل ہونے والے اور حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کی تعلیمات و سماجی بصیرت میں موجود اخلاقی اُصولوں کی پامالی کرتا ہے۔اسلام اِس بات کی اجازت نہیں دیتا کہ مذہبی شناخت، سیاسی وابستگی، قومی مفاد یا معاشی فائدہ؛ عدل، ہمدردی اور اِنسانی وقار کے تحفظ کے بنیادی فرائض پر سبقت لے جائیں۔ قرآن کریم مومنین کو واضح حکم دیتا ہے کہ وہ عدل پر سختی سے قائم رہیں، چاہے ایسا کرنا اُن کے اپنے مفادات یا وفاداریوں کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔

اللہ تبارک وتعالیٰ کا واضح ارشاد ہے:یٰاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا كُوْنُوْا قَوّٰمِیْنَ بِالْقِسْطِ شُهَدَآءَ لِلهِ وَ لَوْ عَلٰى اَنْفُسِكُمْ اَوِ الْوَالِدَیْنِ وَالْاَقْرَبِیْنَ (النساء:۱۳۵)اے ایمان والو! عدل پر مضبوطی سے قائم ہوجاؤ، اللہ کی خاطر گواہی دیتے، خواہ وہ تمہارے اپنے یا والدین اور قریبی رشتے داروں کے خلاف ہی کیوں نہ ہو۔

قرآن کریم مزید اعلان کرتا ہے: وَ لَا یَجْرِمَنَّكُمْ شَنَاٰنُ قَوْمٍ عَلٰى اَلَّا تَعْدِلُوْااِعْدِلُوْا هُوَ اَقْرَبُ لِلتَّقْوٰى(المائدۃ:۸)

اور کسی قوم کی دشمنی تمھیں اِس بات پر آمادہ نہ کرے کہ تم عدل چھوڑ دو۔عدل کرو، یہ تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔

یہ احکام اِس بات کو طے کرتے ہیں کہ اسلامی اخلاقیات کو نسل، قومیت، سیاسی مصلحت یا مذہبی وابستگی کی بنیاد پرنافذ نہیں کیا جاسکتا۔ کسی بھی مسلم سوسائٹی کی اخلاقی ذمہ داری صرف اپنے ہی افراد کے تحفظ پر ختم نہیں ہو جاتی بلکہ اُس کا دائرۂ کار وسیع سے وسیع پیمانے پر عدل اور اِنسانی وقار کے دفاع تک پھیلا ہوا ہے۔ قرآن مجید مسلم کمیونٹی سے باہر کے لوگوں کے ساتھ بھی نیکی اور عدل کا حکم دیتا ہے۔ (الممتحنہ:۸)

جو قوم حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ سے عقیدت ومحبت کا دعویٰ تو کرے، لیکن منظم جبر کو برداشت کرے، ناانصافی کی پشت پناہی کرے، یا سیاسی و مادّی فائدے کے لیے کمزور طبقات کو قربان کر دے، وہ اپنے دعویٰ کردہ مذہبی تشخص اور اپنے حقیقی اخلاقی کردار کے درمیان ایک گہرے تضاد کا شکار ہو جاتی ہے۔ اِس لحاظ سے، امام محمدغزالی کی بیان کردہ دل کی بیماریاں اجتماعی شکل اختیار کر لیتی ہیں،مثلاً: غرور، قومی تکبر بن جاتا ہے، حرص، ادارہ جاتی استحصال میں بدل جاتی ہے، غصہ، منظم تشدد کی شکل اختیار کر لیتا ہے اور غفلت ولاپرواہی، اخلاقی ذمہ داری سے جان بوجھ کر منھ موڑنے کا نام بن جاتی ہے۔ اِس رویے کو فلسفیانہ طور پر اجتماعی یا قومی اخلاقی گناہ قرار دیا جا سکتا ہے، اگرچہ یہ کوئی باضابطہ طور پر طے شدہ اسلامی اصطلاح نہیں ہے جس میں قوم کے سات کبیرہ گناہ شمار کیے گئے ہوں۔

’’مذہبی شناخت ناانصافی کا عذر نہیں بن سکتی؛اِس کے برعکس نبی کریم ﷺ سے وابستگی، اخلاقی تعلیمات سے وفاداری کا تقاضا کرتی ہے۔‘‘

اس اجتماعی اخلاقی ذمہ داری کی سنگینی اُس وقت خاص طور پر واضح ہو جاتی ہے، جب کوئی قوم جان بوجھ کر دوسرے انسانوں پر ظلم، مصائب یا تباہی کو برداشت کرتی ہے۔ خاص طور پر جب یہ مصائب جھیلنے والے مسلم برادری کے وہ افراد ہوں جن کے بارے میں اسلامی تعلیمات کا تقاضا ہے کہ وہ بھائی چارے اور باہمی تحفظ کے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ قرآن کریم مظلوموں کے سلسلے میں مومنین کی ذمہ داری پر سوال اٹھاتا ہے اور اِرشاد فرماتا ہے: وَ مَا لَكُمْ لَا تُقَاتِلُوْنَ فِیْ سَبِیْلِ اللّٰهِ وَ الْمُسْتَضْعَفِیْنَ مِنَ الرِّجَالِ وَالنِّسَآءِ (النساء:۷۵)اور تمھیں کیا ہو گیا ہے کہ تم اللہ کی راہ میں اور اُن بے بس مردوں، عورتوں اور بچوں کی خاطر نہیں لڑتے (جو مظلوم ہیں)۔

اگرچہ یہ آیت قرآنی بحث کے دوران مسلح جدوجہد کے تناظر میں نازل ہوئی، لیکن اِس کی اخلاقی اہمیت میں کمزور لوگوں کے مصائب اور تحفظ اوراُن کی فریاد کو سنجیدگی سے لینا بھی شامل ہے؛ یہ کسی بھی طرح تشدد کی غیر مشروط اجازت نہیں دیتی۔ اس کے برابر کی اہمیت گناہ اور زیادتی میں شرکت پر قرآنی ممانعت کی ہے: وَ تَعَاوَنُوْا عَلَى الْبِرِّ وَ التَّقْوىٰ وَ لَا تَعَاوَنُوْا عَلَى الْاِثْمِ وَالْعُدْوَانِ (المائدۃ:۲)

نیکی اور تقویٰ میں ایک دوسرے کا تعاون کرو، لیکن گناہ اور زیادتی میں ایک دوسرے کا تعاون نہ کرو۔

یہ اصول اُن لوگوں کی اخلاقی ذمہ داری کے بارے میں ایک سنگین سوال اٹھاتا ہے جو ظلم کے کارناموں کو جان بوجھ کر سیاسی تحفظ، مالی امداد، مادی تعاون یا ادارہ جاتی جواز فراہم کرتے ہیں۔ نبی کریم ﷺ نے باہمی یکجہتی کے فریضے کو اُس وقت بالکل واضح کر دیاتھا جب آپ ﷺ نے یہ تعلیم دی کہ ایک مسلمان نہ تو دوسرے مسلمان پر ظلم کرے اور نہ ہی اُسے ظلم کے حوالے کرے۔ (صحیح مسلم، حدیث:۲۵۸۰)ایک اورخاص فرمان میں نبی کریم ﷺ نے مومنین کو حکم دیا کہ اپنے بھائی کی مدد کرو خواہ وہ ظالم ہو یا مظلوم۔ جب دریافت کیا گیا کہ ظالم کی مدد کس طرح کی جا سکتی ہے، تو آپ ﷺ نے وضاحت فرمائی کہ اُس کی مدد یہ ہے کہ اُسے ظلم کرنے سے روکا جائے۔ (صحیح بخاري،حدیث:۲۴۴۴)

اِس طرح، اسلامی یکجہتی کا مطلب مسلم حکمرانوں، حکومتوں یا قوموں سے غیر مشروط وفاداری نہیں ہے؛ بلکہ اِس کا مطلب عدل سے وفاداری ہے، جس میں اپنی ہی برادری کی طرف سے کیے جانے والے ظلم کو روکنے کی اخلاقی جرأت بھی شامل ہے۔ نبی کریم ﷺ نے یہ بھی سکھایا ہےکہ بُرائی کی مخالفت انسان کو اپنی استطاعت کے مطابق کرنی چاہیے،موثر عملی اقدام کے ذریعے، زبان سے اور جب اُن میں سے کوئی بھی ممکن نہ ہو تو دل سے اُس بُرائی کو بُرا سمجھنا۔ (صحیح مسلم،حدیث:۴۹)

مجموعی طور پر یہ تعلیمات اِس بات کی نشان دہی کرتی ہیں کہ ظلم سے جان بوجھ کر بے توجہی برتنا، بالخصوص جب مداخلت کی صلاحیت اور ذمہ داری بھی موجود ہو، اخلاقی گناہ میں ملوث ہونے کی ایک سنگین شکل اختیار کر سکتا ہے۔ ظالموں کی فعال مدد تو اور بھی زیادہ واضح اخلاقی ذمہ داری عائد کرتی ہے۔ اِس کے باوجود اِسلامی الٰہیات کبیرہ گناہ کے ارتکاب، بُرائی کی پشت پناہی اور حضرت محمد ﷺ کی رسالت یا اختیار کے صریح انکار کے درمیان فرق کرتی ہے؛ یہ فیصلے خود بخود ایک جیسے نہیں ہوتے۔ کسی مسلم حکومت کی طرف سے مظلوموں کا دفاع کرنے میں ناکامی اکیلے اِس بات کا ثبوت نہیں بن سکتی کہ اُس کے حکمران حضرت محمد ﷺ کو اللہ کا رسول ماننا چھوڑ چکے ہیں۔ تاہم، جو بات بڑے مضبوط دینی مؤقف کے ساتھ کہی جا سکتی ہے وہ یہ ہے کہ ظلم کو جان بوجھ کر فروغ دینا یا اُن لوگوں کو بےیار ومددگار چھوڑ دینا جن کے تحفظ کا فریضہ اور اِستطاعت آپ کے پاس موجود ہو، نبی کریم ﷺ کی اخلاقی تعلیمات کی شدید خلاف ورزی ہے۔ کوئی قوم، اسلام سے اپنی عقیدت کا ڈھنڈورا پیٹ سکتی ہے، نبی کریم ﷺ کی یاد منا سکتی ہے اور اپنے عوامی اداروں میں آپ ﷺکا نام استعمال کر سکتی ہے، لیکن اُن کے پیغام سے اُس کی وفاداری کا اندازہ اُس کے عدل، رحمت، انسانی وقار اور کمزوروں کے تحفظ کے تئیں اُس کے عزم سے بھی لگایا جانا چاہیے۔ لہٰذا، اصل اخلاقی سوال صرف یہ نہیں ہے کہ آیا کوئی قوم خود کو مسلم قرار دیتی ہے یا نہیں، بلکہ یہ ہے کہ آیا اُس کا اجتماعی کردار اُس وحی اوراُس اُسوۂ حسنہ کے اصولوں کو عملی اظہار عطا کرتا ہے جن کی وہ پیروی کا دعویٰ کرتی ہے۔

’’مظلوموں کو اُس وقت بے یار و مددگار چھوڑ دینا جب آپ مدد کر سکتے ہوں، ایک اخلاقی ناکامی ہےاور ظلم کی پشت پناہی اُس سے بھی کہیں زیادہ سنگین گناہ ہے۔‘‘

فلسطین اور مسلم دنیا کا کبیرہ گناہ: نبوی عہد سے غداری

معاصر مسلم دنیا کی سب سے سنگین اجتماعی اخلاقی ناکامیوں میں سے ایک یہ ہے کہ بہت سی مسلم اکثریتی حکومتوں، بالخصوص با اثر عرب بادشاہتوں اور آمرانہ مزاج لوگوںکا، فلسطینی عوام کی تباہی اور تکالیف پر کیا جانے والا ردّعمل ہے۔ غزہ میں شہریوں کی جانوں کا بے پناہ ضیاع، بستیوں کی تباہی، بار بار بے دخلی اور جاری انسانی المیے نے نہ صرف جنگ کی وحشت ناکی کو بے نقاب کردیاہے، بلکہ پڑوسی ملکوں اور اُن کی سیاسی قیادت کی اخلاقی ذمہ داری پر بھی گہرے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ اقوام متحدہ نے مسلسل شہری جانی نقصان اور بڑے پیمانے پر بے دخلی کے دستاویزی شواہد پیش کیے ہیں، جب کہ بین الاقوامی عدالت (ICJ) نے فلسطینیوں کو نسل کشی کے کنونشن کے تحت ممنوعہ کارروائیوں سے بچانے کے لیے حفاظتی اقدامات کا حکم دیا ہے۔

اسلامی اخلاقیات کے فریم ورک کے اندر، جو حکومتیں اِس طرح کے ظلم کو جان بوجھ کر آسان بناتی ہیں، اُسے سیاسی تحفظ فراہم کرتی ہیں، یا تکالیف کو روکنے کے مؤثر ذرائع رکھنے کے باوجود جان بوجھ کر عمل کرنے سے انکار کرتی ہیں، اُنھیں ایک ایسے الزام کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو سفارتی ناکامی سے کہیں زیادہ سنگین ہے،یعنی نبی کریم ﷺ کے قائم کردہ اخلاقی عہد سے غداری۔ قرآن کریم دوٹوک انداز میں یہ حکم دیتا ہے: اور نیکی اور تقویٰ پر ایک دوسرے کا تعاون کرو، اور گناہ اور ظلم وزیادتی پر ایک دوسرے کا تعاون نہ کرو(المائدۃ:۲)،اور اِس بات پر بھی زور دیتا ہے کہ مومنین اپنے مفادات کے خلاف بھی عدل کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہوں (النساء:۱۳۵)۔ نبی کریم ﷺ نے اِسی طرح یہ تعلیم بھی دی ہے کہ مظلوم کی حمایت کی جائے اور ظالم کو روکا جائے، اور یہ اعلان کیا کہ ظالم کی مدد یہ ہے کہ اُسے ظلم کرنے سے روکا جائے۔ (صحیح بخاری،حدیث:۲۴۴۴)

اِس نقطۂ نظر سے، اُن رہنماؤں کی طرف سے فلسطینیوں کے مصائب کو جان بوجھ کر آسان بنانا جو عوامی سطح پر اِسلام سے اپنی عقیدت کا ڈھنڈورا پیٹتے ہیں، بنیادی طورپرپیغام نبوی کی منفی نمائندگی کرتا ہے۔ اِس طرح کے طرزِ عمل کو حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کی اخلاقی اتھارٹی کی عملی مخالفت اور اُس کے نتیجے میں اُن الٰہی احکام کی نافرمانی سمجھا جا سکتا ہے جو آپ نے پہنچائے تھے۔ یہ فیصلہ عرب عوام کے اجتماعی گناہ کی بجائے مخصوص حکومتوں، اداروں اور افراد کے افعال اور ذمہ داریوں سے متعلق ہے، جن میں بہت سے لوگوں نے خود احتجاج کیا ہے، امداد فراہم کی ہے اور فلسطینی حقوق کا دفاع کیا ہے۔ اصل کبیرہ گناہ سیاسی بقا، اسٹریٹجک اتحاد اور مادّی مفادات کے سامنے عدل، ہمدردی اور اِنسانی وقار کو شعوری طور پر قربان کر دینے میں ہے۔ کوئی بھی حکومت محض ایمان کے عوامی اعلانات کے ذریعے اللہ اوراُس کے رسول ﷺسے اخلاقی وفاداری کا دعویٰ نہیں کر سکتی، جب کہ وہ ایسی کارروائیوں میں جان بوجھ کر مدد کرے یا اُنھیں آسان بنائے جو اُن کی وحی کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی کرتی ہوں۔

’’کسی قوم کے ایمان کا امتحان صرف یہ نہیں ہے کہ وہ کیا دعویٰ کرتی ہے، بلکہ یہ ہے کہ وہ کس کا تحفظ کرتی ہے اور کس کی اجازت دیتی ہے۔‘‘

فلسطین کا المیہ اسلامی تاریخ کی ایک انتہائی دردناک اخلاقی مثال بھی تازہ کرتا ہے:۶۸۰ء میں کربلا کے مقام پر حضرت امام حسین بن علی رضی اللہ عنہ (جو نبی اکرم ﷺ کے محبوب نواسے ہیں) اور آپ کے رفقا کا قتلِ عام۔ اگرچہ دونوں کے تاریخی حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے، لیکن دونوں ہی المیے ایک ایسا دیرپا سوال اٹھاتے ہیں کہ جب ضمیر کو مصلحت کی بھینٹ چڑھا دیا جائے، اور جو لوگ ظلم کے خلاف کھڑے ہونے کی صلاحیت رکھتے ہوں وہ مزاحمت کے بجائے مصلحت پسندی، خوف یا خاموشی کو چن لیں، تو سیاسی طاقت کے کیا نتائج برآمد ہوتے ہیں۔ کربلا اِس بات کی طاقتور علامت بنی ہوئی ہے کہ جو حکمران خود اُس مذہبی معاشرے کی رکنیت کا دعویٰ کرتے ہوں جسے نبی کریم ﷺ نے قائم کیا تھا، وہی اُس کے نبوی اقدار سے غداری کر لیں۔ اِس اخلاقی تشریح کے تحت، فلسطین اِس بات کا ایک اور تاریخی امتحان ہے کہ اَیا مسلم معاشرے اپنے عقیدے کے اصولوں کا دفاع کریں گے یا نہیں،جب کہ ایسا کرنے کے لیے سیاسی قربانی کی ضرورت ہو۔ قرآن مجید خبردار کرتا ہے:وَ لَا تَرْكَنُوْا اِلَى الَّذِیْنَ ظَلَمُوْا فَتَمَسَّكُمُ النَّارُ(اور ظالموں کی طرف مائل نہ ہو تمھیں بھی آگ چھو لے گی)(ہود:۱۱۳)، اور یہ بھی اعلان کرتا ہے کہ اِنَّ اللّٰهَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوْمٍ حَتّٰى یُغَیِّرُوْا مَا بِاَنْفُسِهِمْ( اللہ تعالیٰ کسی قوم کی حالت اُس وقت تک نہیں بدلتا جب تک وہ خود اپنے اندر تبدیلی نہ لائیں)(الرعد:۱۱) ۔

یہ آیات اجتماعی اخلاقی زوال کو مسلسل ناانصافی، تکبر اور روحانی بدعتی کا نتیجہ قرار دینے کے لیے ایک فقہی و الٰہیاتی (Theological) بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ مسلم معاشروں کی مصیبت اور سیاسی کمزوری کو عذابِ الٰہی کی وارننگ قرار دینا ایک سنجیدہ الٰہیاتی بحث ہے، اگرچہ کوئی بھی انسان قطعی طور پر یہ اعلان نہیں کر سکتا کہ اللہ تعالیٰ نے کسی پوری قوم کو ہمیشہ کے لیے کسی سزا کا مستحق قرار دے دیا ہے۔ کربلا اور فلسطین کا گہرا سبق یہ ہے کہ دینی نسبت اخلاقی جواب دہی سے کوئی استثنا نہیں دیتی، اور حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ سے عقیدت ومحبت اُس وقت کھوکھلی ہو جاتی ہے جب وہ آپ ﷺکی طرف سے دیے گئے رہنما اُصول؛ عدل و رحمت کی فرماںبرداری سے الگ ہو جائے۔ اِس تناظر میں اُن مسلم رہنماؤں کا سب سے بڑا گناہ جو بالقصد ظلم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں، صرف یہ نہیں ہے کہ وہ فلسطینیوں کا دفاع کرنے میں ناکام رہے؛ بلکہ یہ ہے کہ اُنھوں نے دنیوی طاقت کو الٰہی اخلاقی نظام پر ترجیح دی۔ اُن کا یہ رویہ عملی طور پر مرکزی نبوی ذمہ داریوں سے انحراف کے مترادف ہے، خواہ اِس طرح کی نافرمانی خودبخود نبی کریم ﷺ کی نبوت کے باقاعدہ انکار کا باعث نہ بنے۔ لہٰذا، اصل اور دیرپا فردِ جرم نبوی عہد سے غداری پر عائد ہوتی ہے، یعنی حضرت محمد ﷺ سے وفاداری کا دعویٰ تو کیا جائے لیکن دانستہ طورپر اُس ظلم کی تائید یا مدد کی جائے جس کی آپ ﷺنے مذمت کی تھی، تو یہ آپ ﷺکے پیغام کی اخلاقی اتھارٹی کی مخالفت کرنابھی ہے اور جو اَحکام الٰہی آپ ﷺلے کر آئے تھے اُن سے سرکشی کرنا اللہ تعالیٰ کی مرضی کی مخالفت کرنے کے مترادف بھی ہے۔

گفتگو میں شامل ہوں

تبصرے

تبصرے جائزے کے بعد شائع کیے جاتے ہیں۔ اپنی رائے احترام کے ساتھ پیش کریں۔

اے سی این اے کی معاونت

ایمان، علم اور خدمت کو فروغ دیں

آپ کی معاونت عبادت، تعلیم، علمی تحقیق، روحانی ثقافت اور ہمدردانہ سماجی خدمت کو مضبوط بناتی ہے۔

معاونت کریں