حکمت و معرفت

نور علم سے نور عرفان تک

شمارہ ۱۰ · اکتوبر تا دسمبر ۲۰۲۶ • شیخ امام الدین سعیدی • اردو
نور علم سے نور عرفان تک
شیخ امام الدین سعیدی شمارہ ۱۰ · ۲۰۲۶ ۱۳ منٹ مطالعہ

صفائے قلب، تزکیۂ نفس اور فیضانِ علمِ ربانی

علم ایک نورِ الٰہی ہے

علم اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور انسان کے لیے ایسا بیش بہا سرمایہ ہے جس کی قدر و منزلت سے کسی کو انکار نہیں۔ علم جہالت کی ضد ہے اور جہالت تاریکی و ظلمت کا نام ہے، جب کہ علم نور و روشنی کا مظہر ہے۔ ظاہر ہے کہ نور اور ظلمت کبھی برابر نہیں ہو سکتے۔

اللہ رب العزت قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:

وَ مَا یَسْتَوِی الْاَعْمٰی وَ الْبَصِیْرُ  وَلَا الظُّلُمٰتُ وَلَا النُّوْر (فاطر)

ترجمہ: اندھا اور آنکھوں والا برابر نہیں ہو سکتے، اور نہ تاریکیاں اور نور برابر ہو سکتے ہیں۔

لیکن یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہر علم انسان کو نورانیت عطا کرتا ہے؟ کیا محض کتابوں کا مطالعہ، اساتذہ سے استفادہ اور علمی معلومات کا ذخیرہ جمع کر لینا ہی حقیقی علم کی علامت ہے؟

یقیناً نہیں! علم کی ایک صورت وہ ہے جو محنت، مطالعہ، تدریس اور حصول کے معروف ذرائع سے حاصل ہوتی ہے، جب کہ علم کی ایک ایسی لطیف اور خصوصی صورت بھی ہے جسے اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اپنے برگزیدہ بندوں کے قلوب پر منکشف فرماتا ہے۔ اسی کو علمِ لدنی یا علمِ وہبی کہا جاتا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ علم کی تکمیل صرف معلومات کے حصول سے نہیں ہوتی، بلکہ جب علم کے ساتھ نورانیتِ قلب، اخلاصِ نیت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی شامل ہو جائے تو وہ علم انسان کے باطن کو بھی روشن کر دیتا ہے۔

۱۔ علمِ لدنی: حقیقت اور مفہوم

قرآن کریم میں حضرت خضر علیہ السلام کے حوالے سے ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

وَعَلَّمْنٰهُ مِنْ لَّدُنَّا عِلْمًا  (الکہف)

ترجمہ: اور ہم نے اسے اپنے پاس سے ایک خاص علم عطا فرمایا۔

اس آیت میں مذکور علمِ لدنی کی حقیقت اور اس کی نوعیت کے بارے میں مفسرین اور اہلِ معرفت نے تفصیل سے گفتگو کی ہے۔

علامہ قنوجی اپنی کتاب ابجد العلوم میں علمِ لدنی کی تعریف کرتے ہوئے لکھتے ہیں:

بِأَنَّهُ الْعِلْمُ الَّذِي تَعَلَّمَهُ الْعَبْدُ مِنَ اللهِ تَعَالَى مِنْ غَيْرِ وَاسِطَةِ مَلَكٍ أَوْ نَبِيٍّ بِالْمُشَافَهَةِ وَالْمُشَاهَدَةِ۔

یعنی علمِ لدنی وہ علم ہے جو بندہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے خصوصی طور پر حاصل کرتا ہے، جس میں عام تعلیمی ذرائع اور ظاہری واسطوں کا  دخل نہیں ہوتا۔ بعض مفسرین نے اس سے مراد غیبی امور کا علم لیا ہے، بعض نے اسے الہام کے ذریعے حاصل ہونے والا علم قرار دیا ہے، جب کہ امام فخر الدین رازی رحمہ اللہ کے نزدیک وہ تمام علوم جو اللہ تعالیٰ کی جانب سے بلاواسطہ یا بطریقِ مکاشفہ عطا ہوں، علمِ لدنی کے مفہوم میں داخل ہیں۔ (مفاتیح الغیب، جلد ۲۱، ص ۱۴۹)

اس سے معلوم ہوتا ہے کہ علمِ لدنی محض معلومات کا نام نہیں، بلکہ یہ اللہ تعالیٰ کی خصوصی عنایت، قلبی بصیرت اور باطنی معرفت کا ایک خاص مظہر ہے۔

۲۔ علمِ لدنی اور صفائے قلب کا تعلق

علمِ لدنی کے حصول میں قلب کی پاکیزگی اور باطن کی طہارت کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ جب انسانی قلب گناہوں، نفسانی خواہشات، حسد، کینہ، بغض، تکبر اور حبِ دنیا کی آلودگیوں سے پاک ہوتا ہے تو اس میں نورِ معرفت قبول کرنے کی استعداد پیدا ہوتی ہے۔

امام محمد غزالی قدس سرہٗ اس حقیقت کو نہایت لطیف انداز میں بیان کرتے ہیں کہ جب قلب معصیت کی آلودگیوں سے پاک ہو جائے اور طاعات و عبادات کے ذریعے منور ہو جائے تو اللہ تعالیٰ کی مشیت سے اس پر حقائق و معارف منکشف ہونے لگتے ہیں۔

وہ اپنی کتاب المنقذ من الضلال میں قلب کی اس نورانیت اور انکشافِ حقائق کے مضمون کو بیان کرتے ہیں۔ (ص ۲۷)

اس سے یہ حقیقت واضح ہوتی ہے کہ علم کی حقیقی نورانیت کا تعلق صرف ذہانت و حافظے سے نہیں، بلکہ قلب کی پاکیزگی اور تعلق باللہ سے بھی ہے۔ انسان کا باطن جتنا پاکیزہ ہوگا، اس کی بصیرت اتنی ہی روشن اور اس کی فکر اتنی ہی لطیف ہوگی۔

۳۔ علمِ لدنی کا ظرف: نفسِ ناطقہ اور لطافتِ باطن

انسانی وجود میں اللہ تعالیٰ نے ایک عظیم لطیف جوہر ودیعت فرمایا ہے، جسے فلسفے اور منطق کی اصطلاح میں نفسِ ناطقہ کہا جاتا ہے۔

 یہی جوہر انسان کو شعور، ادراک، تفکر اور معرفت کی صلاحیت عطا کرتا ہے۔

انسان جب اپنی جسمانی خواہشات اور نفسانی تقاضوں کا اسیر رہنے کے بجائے روحانی تربیت، مجاہدۂ نفس اور تزکیۂ باطن کی طرف متوجہ ہوتا ہے تو اس کے اندر لطافتِ قلب اور نورانیت پیدا ہونے لگتی ہے۔

یہی نورانیت اس کے اندر حقائق کو سمجھنے، باریک معانی تک پہنچنے اور حکمت و معرفت سے فیض یاب ہونے کی استعداد پیدا کرتی ہے۔

علمِ لدنی کا تعلق بھی اسی قلبی استعداد سے ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے جس قلب کو چاہتا ہے، اسے علوم و معارف کے خصوصی فیضان سے نوازتا ہے۔

اس سلسلے میں ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ علمِ لدنی کے حصول کا دعویٰ کرنا یا اپنے آپ کو صاحبِ کشف و الہام سمجھنا کوئی فضیلت نہیں۔ اصل فضیلت تقویٰ، تواضع، اتباعِ شریعت اور اخلاصِ عمل ہے۔

جس قلب میں بندگی کا نور ہوگا، اسی میں معرفت کے فیضان کی استعداد پیدا ہوگی۔

۴۔ علمِ لدنی کیسے حاصل ہوتا ہے؟

امام محمد غزالی رحمہ اللہ نے حصولِ علم کے دو بنیادی طریقے بیان کیے ہیں:

۱. تعلمِ انسانی

۲. تعلمِ ربانی

تعلمِ انسانی :  اس سے مراد وہ معروف طریقۂ تعلیم ہے جس کے ذریعے انسان اساتذہ، کتابوں، مطالعے، مشاہدے، تجربے، غور و فکر اور تحقیق کے ذریعے علم حاصل کرتا ہے۔

انسانی علم کے حصول کے لیے ظاہری اور باطنی دونوں ذرائع استعمال ہوتے ہیں۔ مطالعہ، سماعت، مشاہدہ اور اساتذہ سے

استفادہ ظاہری ذرائع ہیں، جب کہ غور و فکر، تدبر، استنباط اور ذہنی تجزیہ باطنی ذرائع میں شامل ہیں۔

ان ذرائع سے حاصل ہونے والے علم کو علمِ کسبی کہا جاتا ہے۔

تعلمِ ربانی : اس سے مراد وہ علم ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے بندے کے قلب پر القا فرماتا ہے۔

 اس میں انسان کی  ظاہری علمی کوشش بنیادی ذریعہ نہیں ہوتی، بلکہ یہ خصوصی ربانی عطیہ ہوتا ہے۔

امام غزالی کے بیان کے مطابق تعلمِ ربانی کی دو صورتیں ہیں:

اول: وحی، وحی وہ خصوصی علم ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے انبیائے کرام علیہم السلام کو عطا فرماتا ہے۔ یہ علم یقینی، مستند اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے محفوظ ہوتا ہے۔ اس میں شک و شبہ اور خطا کا کوئی امکان نہیں ہوتا۔

چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین ہیں، اس لیے آپ کے بعد نبوت اور وحیِ تشریعی کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہو چکا ہے۔

دوم: الہام، الہام وہ قلبی رہنمائی ہے جو اللہ تعالیٰ اپنے غیر نبی بندوں کو عطا فرماتا ہے۔ یہ انبیا کے ساتھ مخصوص نہیں، بلکہ اولیا و صالحین کو اللہ تعالیٰ کے فضل سے حاصل ہو سکتا ہے۔

الہام کو وحی کے برابر نہیں سمجھا جا سکتا، کیونکہ وحیِ نبوت قطعی اور معصوم ہوتی ہے، جب کہ الہام میں خطا اور وہم کا امکان موجود ہے۔ اس لیے الہام کو کبھی قرآن و سنت اور شریعت کے مقابلے میں حجت نہیں بنایا جا سکتا۔

وحی انبیا کا امتیاز ہے اور الہام اولیا و صالحین کے لیے ایک خصوصی عطیہ ہو سکتا ہے۔ (الرسالۃ اللدنیہ للغزالی، ص ۱۱۴ تا ۱۱۶)

۵۔ علم کے ساتھ عمل: علمِ لدنی کے فیضان کا راستہ

علمِ لدنی کے حصول اور اس کے فیضان کے سلسلے میں ایک بنیادی اصول یہ ہے کہ انسان اپنے حاصل کردہ علم پر عمل کرے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے منقول ہے:

مَنْ عَمِلَ بِمَا عَلِمَ أَوْرَثَهُ اللهُ عِلْمَ مَا لَمْ يَعْلَمْ۔

ترجمہ: جس شخص نے اپنے معلوم علم پر عمل کیا، اللہ تعالیٰ اسے ایسے علم کا وارث بنا دیتا ہے جو اسے پہلے حاصل نہ تھا۔

(حلیۃ الاولیاء)

یہ روایت ایک نہایت اہم روحانی حقیقت کی طرف رہنمائی کرتی ہے کہ علم اور عمل کا باہمی تعلق نہایت گہرا ہے۔ علم محض معلومات کا ذخیرہ نہیں، بلکہ عمل کی دعوت ہے۔ جب انسان اپنے علم کو اپنی زندگی میں نافذ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے فہم و بصیرت کے نئے دروازے کھول دیتا ہے۔

اسی مفہوم کو قرآن کریم کی اس آیت سے بھی تقویت ملتی ہے:

وَالَّذِينَ جَاهَدُوا فِينَا لَنَهْدِيَنَّهُمْ سُبُلَنَا (العنکبوت: ۶۹)

ترجمہ: اور جو لوگ ہماری راہ میں کوشش کرتے ہیں، ہم ضرور انہیں اپنے راستے دکھا دیتے ہیں۔

اس آیت کی تفسیر میں اہلِ معرفت سے یہ قول بھی منقول ہے:

الَّذِينَ يَعْمَلُونَ بِمَا يَعْلَمُونَ نَهْدِيهِمْ إِلَى مَا لَا يَعْلَمُونَ۔

یعنی جو لوگ اپنے معلوم علم پر عمل کرتے ہیں، ہم انہیں ان امور کی طرف رہنمائی عطا کرتے ہیں جن کا انہیں پہلے علم نہیں تھا۔

حضرت سہل بن عبداللہ تستری رحمہ اللہ فرماتے ہیں:

الْعِلْمُ أَحَدُ لَذَّاتِ الدُّنْيَا، فَإِذَا عَمِلَ بِهِ صَارَ لِلْآخِرَةِ۔

ترجمہ: علم دنیا کی لذتوں میں سے ایک لذت ہے، لیکن جب اس پر عمل کیا جائے تو وہ آخرت کا سرمایہ بن جاتا ہے۔

پس حقیقی علم وہی ہے جو انسان کے کردار کو سنوارے، اس کے اعمال کو درست کرے، اسے گناہوں سے بچائے اور آخرت کی تیاری میں معاون ثابت ہو۔

۶۔ حکمت: علمِ ربانی کا ایک عظیم مظہر

قرآن کریم نے حکمت کو خیرِ کثیر قرار دیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

يُؤْتِي الْحِكْمَةَ مَنْ يَشَاءُ وَمَنْ يُؤْتَ الْحِكْمَةَ فَقَدْ أُوتِيَ خَيْرًا كَثِيرًا وَمَا يَذَّكَّرُ إِلَّا أُولُوا الْأَلْبَابِ (البقرۃ)

ترجمہ: اللہ تعالیٰ جسے چاہتا ہے حکمت عطا فرماتا ہے، اور جسے حکمت عطا کر دی گئی، اسے بہت بڑی بھلائی عطا کر دی گئی، اور نصیحت وہی حاصل کرتے ہیں جو عقل و خرد والے ہیں۔

حکمت محض معلومات کا نام نہیں، بلکہ علم کی گہرائی، حقائق کی معرفت، معاملات کی صحیح سمجھ اور ہر چیز کو اس کے مناسب مقام پر رکھنے کی صلاحیت کا نام ہے۔

حکمت عطا ہونا اللہ تعالیٰ کا خصوصی فضل ہے۔ حکمت والا انسان بسا اوقات چند الفاظ میں ایسے گہرے معانی بیان کر دیتا ہے جن تک پہنچنے کے لیے عام انسان کو طویل غور و فکر اور مطالعے کی ضرورت پڑتی ہے۔

اس کی زبان سے نکلنے والے کلمات میں اثر، اس کی فکر میں پختگی اور اس کے فیصلوں میں اعتدال پایا جاتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ حکمت کو خیرِ کثیر کہا گیا ہے۔

۷۔ علمِ لدنی کے حامل کی صفات

یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ علمِ لدنی کا کوئی ایسا ظاہری پیمانہ نہیں جس کے ذریعے ہر شخص کے مقام و مرتبے کا قطعی فیصلہ کیا جا سکے۔ نہ ہر صاحبِ علم صاحبِ الہام ہوتا ہے اور نہ ہر دعوائے کشف حقیقت پر مبنی ہوتا ہے۔

البتہ قرآن و سنت کی روشنی میں ایک صاحبِ تقویٰ اور صاحبِ بصیرت انسان کی چند نمایاں صفات ضرور بیان کی جا سکتی ہیں:

  • اس کا عقیدہ درست اور شریعت کے مطابق ہو۔
  • وہ فسق و فجور اور گناہوں سے بچنے کی کوشش کرتا ہو۔
  • اس کے اندر اخلاص، تواضع اور انکساری پائی جاتی ہو۔
  • وہ حسد، کینہ، بغض اور تکبر سے اپنے قلب کو پاک رکھنے کی کوشش کرتا ہو۔
  • اس کے اندر حبِ دنیا اور نفسانی خواہشات کی غلامی نہ ہو۔
  • وہ حلال و حرام اور اوامر و نواہی کا ضروری علم رکھتا ہو۔
  • اس کے اعمال صالحہ اور عبادات میں پابندی ہو۔
  • وہ دیانت دار، صائب الرائے اور سلیم الفطرت ہو۔
  • اس کی گفتگو اور کردار میں شریعت کی پاسداری نمایاں ہو۔

ان صفات کا حاصل یہ ہے کہ علمِ نافع کا اصل مرکز پاکیزہ قلب، درست عقیدہ، اخلاص اور اتباعِ شریعت ہے۔

۸۔ علمِ وہبی اور گناہوں کی آلودگی

اس سلسلے میں علامہ بدر الدین زرکشی رحمہ اللہ کی طرف منسوب ایک اہم بات قابلِ ذکر ہے کہ علمِ وہبی ایسے شخص کو عطا نہیں ہوتا جس کا دل بدعت، تکبر، حبِ دنیا اور گناہوں کی طرف مائل ہو۔

اس حقیقت کی تائید قرآن کریم کی اس آیت سے بھی ہوتی ہے:

سَأَصْرِفُ عَنْ آيَاتِيَ الَّذِينَ يَتَكَبَّرُونَ فِي الْأَرْضِ بِغَيْرِ الْحَقِّ  (الأعراف)

ترجمہ: میں اپنی نشانیوں سے ان لوگوں کو پھیر دوں گا جو زمین میں ناحق تکبر کرتے ہیں۔

اس آیت میں تکبر کے روحانی نقصانات کی طرف واضح اشارہ موجود ہے۔ تکبر انسان کی بصیرت کو متاثر کرتا ہے اور اسے حق قبول کرنے سے محروم کر دیتا ہے۔  یہاں ایک بنیادی نکتہ قابلِ غور ہے کہ گناہ صرف اعمال کو خراب نہیں کرتے، بلکہ مسلسل گناہوں کی عادت دل کی نورانیت کو بھی متاثر کرتی ہے۔ اسی لیے اہلِ علم نے تزکیۂ نفس، مجاہدۂ باطن اور اصلاحِ قلب کو علم کے فیضان کے لیے نہایت اہم قرار دیا ہے۔

امام شافعی رحمہ اللہ کے مشہور اشعار بھی اسی حقیقت کی طرف اشارہ کرتے ہیں:

شَكَوْتُ إِلَى وَكِيعٍ سُوءَ حِفْظِي

فَأَرْشَدَنِي إِلَى تَرْكِ الْمَعَاصِي

وَأَخْبَرَنِي بِأَنَّ الْعِلْمَ نُورٌ

وَنُورُ اللهِ لَا يُهْدَى لِعَاصِي

ترجمہ: میں نے اپنے استاد وکیع سے اپنے حافظے کی کمزوری کی شکایت کی، تو انہوں نے مجھے گناہوں کو چھوڑنے کی نصیحت کی۔

اور مجھے بتایا کہ علم ایک نور ہے، اور اللہ کا نور نافرمانی کرنے والے کو عطا نہیں کیا جاتا۔

یہ اشعار علم، عمل اور تقویٰ کے باہمی تعلق کو نہایت خوب صورتی سے واضح کرتے ہیں۔

حاصل:  علم کی روح نورانیتِ قلب ہے، حاصلِ کلام یہ ہے کہ علم کی دو بنیادی صورتیں ہیں: ایک وہ جو انسان اپنی محنت، مطالعے اور اساتذہ کی رہنمائی سے حاصل کرتا ہے، اور دوسری وہ جو اللہ تعالیٰ اپنے فضل و کرم سے اپنے بندوں کے قلوب پر القا فرماتا ہے۔

پہلی صورت کو علمِ کسبی اور دوسری کو علمِ وہبی یا علمِ لدنی کہا جاتا ہے۔

علمِ کسبی انسان کو معلومات فراہم کرتا ہے، جب کہ علمِ وہبی اللہ تعالیٰ کی خصوصی عطا سے فہم، بصیرت اور معرفت کے نئے دروازے کھولتا ہے۔ تاہم دونوں صورتوں میں حقیقی کامیابی اسی وقت حاصل ہوتی ہے جب علم کے ساتھ عمل، اخلاص اور تقویٰ شامل ہو جائیں۔ یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ علمِ لدنی شریعت سے آزاد کوئی مستقل راستہ نہیں، نہ الہام کو وحی کے برابر قرار دیا جا سکتا ہے۔ قرآن و سنت ہی حق و باطل کے درمیان آخری معیار ہیں۔

لہٰذا جو شخص علم کا حقیقی نور حاصل کرنا چاہتا ہے، اسے چاہیے کہ اپنے ظاہر کو شریعت سے آراستہ کرے، اپنے باطن کو گناہوں سے پاک رکھے، اپنے علم پر عمل کرے اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط بنائے۔ کیونکہ علم کا کمال صرف یہ نہیں کہ انسان بہت کچھ جان لے، بلکہ علم کا کمال یہ ہے کہ اس کا دل اللہ کی معرفت سے روشن ہو جائے، اس کا کردار اخلاقِ حسنہ کا آئینہ بن جائے اور اس کا علم اسے اللہ تعالیٰ کی بندگی اور آخرت کی کامیابی کے قریب کر دے۔ علم کی حقیقی روشنی الفاظ کی کثرت میں نہیں، بلکہ قلب کی پاکیزگی، عمل کی صالحیت اور معرفتِ الٰہی میں پوشیدہ ہے

گفتگو میں شامل ہوں

تبصرے

تبصرے جائزے کے بعد شائع کیے جاتے ہیں۔ اپنی رائے احترام کے ساتھ پیش کریں۔

اے سی این اے کی معاونت

ایمان، علم اور خدمت کو فروغ دیں

آپ کی معاونت عبادت، تعلیم، علمی تحقیق، روحانی ثقافت اور ہمدردانہ سماجی خدمت کو مضبوط بناتی ہے۔

معاونت کریں