
نبی رحمت محمد ﷺ کے اخلاقی، معاشرتی اور سیاسی پیغام پر عمل کرنے میں بار بار ناکامی کا سامنا کیوں کیا؟
یہ مقالہ قرآنی دلائل کو بعد کے دور کی تاریخی تشریحات سے الگ کرتا ہے۔ اسلام کی پہلی خانہ جنگیوں اور ملوکیت (موروثی نظامِ حکومت) کے ارتقا کے حوالے تاریخی علمی تحقیق کی عمومی تائید پر مبنی ہیں، جن میں انفرادی کرداروں کے حوالے سے فرقہ وارانہ تنازعات کو سلجھانے کی کوشش نہیں کی گئی۔ عصری جمہوریت اور آزادی کے اشاریوں (انڈیکس) کو ادارہ جاتی حالات کی گواہی کے طور پر استعمال کیا گیا ہے، نہ کہ شخصی ایمان یا مسلم آبادیوں کی اخلاقی قدر و قیمت کے پیمانے کے طور پر
مرکزی خیال
پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی مخالفت صرف اُن لوگوں کی طرف سے نہیں تھی جو دائرہِ اسلام سے باہر تھے، بلکہ قرآن مجید نے اُن لوگوں کی مزاحمت، نافرمانی، موقع پرستی، گروہ بندی اور منافقت کا بھی ذکر کیا ہے جو بظاہراوّلین مسلم معاشرے کا حصہ تھے۔ یہ اندرونی مخالفت ومنافقت آپ ﷺ کی وفات کے بعد بھی مختلف شکلوںمیں جاری رہی۔اِس کا واضح نتیجہ اِس طورپرسامنے آیاکہ مسلمانوں نے اکثر زبان اور رسومات میں تو حضرت محمد ﷺ کی تعظیم کی، لیکن اُن کے اُس آفاقی پیغام پر عمل کرنے میں ناکام رہے جو عدل، مشاورت، احتساب، رحمت، مساوات اور اخلاقیات کا محور تھا۔
یہ حالت اِس بات کی اجازت بھی نہیں دیتی کہ یہ فیصلے صادر کیے جائیں کہ کون سچا مسلمان ہے اور کون نہیں۔ قرآنِ مجید نے بار بار تکبر، بہتان تراشی اور گروہی حقارت سے خبردار کیا ہے، اور نہ ہی یہ دعویٰ کیاہے کہ ہر مسلم معاشرہ، حکومت، عالم یا شہری یکساں طور پر ظالم / ڈکٹیٹر ہے۔ اس کے برعکس یہ ایک ایسی مسلسل تاریخی تضاد کی نشان دہی کرتی ہے جو اِسلامی تاریخ کے ایک بڑے حصے میں اور موجودہ مسلم معاشرتی نظاموں میں بالخصوص پایا جاتا ہے، جہاں سیاسی، سماجی اور مذہبی ڈھانچے حضرت محمدمصطفیٰ ﷺ کے آفاقی پیغام کی اصل روح کی مخالفت کرتے رہے ہیں، حالاں کہ وہ انہی کا نام استعمال بھی کرتے ہیں۔
نبی کریمﷺ کی تشریف آوری ایک اخلاقی اور سماجی انقلاب تھی
حضرت محمدمصطفیٰ ﷺکا پیغام محض ذاتی عقیدے میں تبدیلی سے عبارت نہیں تھا۔ توحید(یہ اقرار کا کہ حقیقی حاکمیت صرف اللہ کی ہے)نے انسانی مطلق العنانی کے ہر دعوے کو چیلنج کیا
اگر کوئی حکمران، قبیلہ، طبقہ، نسل، عالم، یا سرپرست خدا نہیں ہے، تو پھر کسی کو بھی دوسروں پرحکم چلانے، اُن کا استحصال کرنے، اُنھیں ذلیل کرنے، یا خاموش کرانے کا لامحدود حق حاصل نہیں۔قرآن کریم میں اللہ تعالیٰ نے عبادت کوعدل کے ساتھ جوڑاہے۔ اُس نے مسلمانوں کو حکم دیا کہ امانتیں اُن کے حق داروں کے فیصلے کے مطابق لوٹائیں اورجب لوگوں کے درمیان فیصلہ کریں تو عدل کے ساتھ فیصلہ کریں: اِنَّ اللّٰهَ یَاْمُرُكُمْ اَنْ تُؤَدُّوا الْاَمٰنٰتِ اِلٰى اَهْلِهَا وَ اِذَا حَكَمْتُمْ بَیْنَ النَّاسِ اَنْ تَحْكُمُوْا بِالْعَدْلِ ( النساء:۵۸)۔ یہاں تک کہ اپنےیا اپنےوالدین اور رشتے داروں کے خلاف ہی معاملہ کیوں نہ ہو، عدل پر مضبوطی سے قائم رہیں: یٰاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْاكُوْنُوْا قَوّٰمِیْنَ بِالْقِسْطِ شُهَدَآءَ لِلهِ وَ لَوْ عَلٰى اَنْفُسِكُمْ اَوِ الْوَالِدَیْنِ وَ الْاَقْرَبِیْنَ(النساء:۱۳۵) اپنے اجتماعی امور باہمی مشورے سے طے کریں:وَ اَمْرُهُمْ شُوْرٰى بَیْنَهُمْ(الشوریٰ:۳۸) اور دولت کو صرف امیروں ہی کے درمیان سمٹ جانے سے روکیں: كَیْ لَا یَكُوْنَ دُوْلَةًۢ بَیْنَ الْاَغْنِیَآءِ مِنْكُمْ(الحشر:۷)۔ یہی سبب ہے کہ اُس نے یتیموں اور مسکینوں کی حق تلفی اور اُن کی نظراندازی کو دین کا ہی انکاراورتکذیب قراردیاہے:اَرَءَیْتَ الَّذِیْ یُكَذِّبُ بِالدِّیْنِ، فَذٰلِكَ الَّذِیْ یَدُعُّ الْیَتِیْمَ، وَ لَا یَحُضُّ عَلٰى طَعَامِ الْمِسْكِیْنِ (الماعون:۱-۳ )۔
یہ انقلاب اپنے وسیع اور اصل معنوں میں ایک سیاسی انقلاب بھی تھا
اس انقلاب نے اقتدار اور رکنیت (معاشرتی شمولیت) کو نئے سرےسے منظم کیا۔ مدینہ منورہ کی اس بستی نے قبائلی انتقام کے غیر منظم رجحان کی جگہ ایک معاہداتی نظام، باہمی ذمے داریوں، باقاعدہ فیصلے (عدالت و ثالثی) اور اِجتماعی سلامتی کو پروان چڑھایا۔ وہ دستاویز جسے عام طور پر ’’میثاقِ مدینہ‘‘یا ’’دستورِ مدینہ‘‘ کہا جاتا ہے،ابتدائی سیرت کے مآخذ کے ذریعے ہم تک پہنچی ہے اور اُس کی گہری ساخت پر بحث بھی کی جاتی ہے، تاہم مؤرخین اُسے مہاجرین، انصار اور دیگر مدینہ کے گروہوں پر مشتمل ایک کثیر الجہتی شہری معاہدے کی اہم ترین سند کے طور پر تسلیم کرتے ہیں۔ اس کی اہمیت اِس میں مضمرنہیں ہے کہ مدینہ منورہ کسی جدید قومی ریاست کی طرح تھا، بلکہ اِس میں پوشیدہ ہے کہ نبوی اقتدار کسی من مانے شخصی حکومت کے بجائے معاہدے، طے شدہ ذمےداریوں اور اخلاقی حدود کے حامل معاشرے کی بنیاد پر چلایا گیا تھا۔ قرآن مجید نے بھی دین میں زورزبردستی کی تردید کی ہےکہ دین میں کوئی زبردستی نہیں:لَا اِكْرَاهَ فِی الدِّیْنِ(البقرہ:۲۵۶) اور نبی کریم ﷺ کو ایک ایسے فرد کے طور پر پیش کیا ہے جو اپنے ساتھیوں سے مشورہ کرتے ہیں: وَ شَاوِرْهُمْ فِی الْاَمْرِ(آل عمران: ۱۵۹)، بوجھ ہلکا کرتے ہیں اور ظلم کے طوق توڑتے ہیں: وَ یَضَعُ عَنْهُمْ اِصْرَهُمْ وَ الْاَغْلٰلَ الَّتِیْ كَانَتْ عَلَیْهِمْ(الاعراف: ۱۵۷)۔ لہٰذا، آپ کے انقلاب کو غیر مسلم حکمرانوں کی جگہ مسلم حکمرانوں کے آنے تک محدود نہیں کیا جاسکتا۔یہ درحقیقت اقتدار اور اختیار کی تشکیل نو تھی اورایک انقلابی قدم تھاغلبے سے امانت کی طرف، مراعات سے احتساب کی طرف، قبائلی حیثیت سے اخلاقی اقدار کی طرف، اور کمزوروں کو اُن کے حال پر چھوڑ دینے سے لے کر اُن کی ذمے داری اُٹھانے کی طرف۔
اوّلین مسلم معاشرے کے اندر سے مخالفت
قرآن کریم اوّلین مسلم معاشرے کو کسی قسم کے رومانوی یا مبالغہ آرائی کے رنگ میں پیش کرنے سے گریز کرتاہے۔ یہ مومنین کو ایک خود بخود تقدس یافتہ سیاسی طبقے کے طور پر نہیں، بلکہ اخلاقاً ذمے دار اِنسانوں کے طورپر مخاطب کرتاہے۔ سورۃ المنافقین اِس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ظاہری رکنیت اور باطنی وفاداری ایک چیز نہیں تھی۔ بعض لوگ ایمان کی زبان استعمال کرتے ہوئے بھی معاشرے کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرتے تھے۔ اپنے مفادات کا حساب لگاتے تھے یا اپنی اقتدار و مرتبے کے متلاشی تھے۔ یہ اگرچہ ایک قرآنی زمرہ (Category) ہے، لیکن اُسے ایک اخلاقی تنبیہ ہی رہنا چاہیے،نہ کہ وہ ہتھیار جس کے ذریعے بعد میں آنے والے گروہ آسانی سے ایک دوسرے کی تکفیر کریں یا اُنھیں مجرم ٹھہرائیں۔
غزوۂ اُحداور نافرمانی:غزوۂ احد کے سلسلے میں قرآن مجید بیان کرتاہے کہ ایمان لانے والے لشکر کے بعض افرادنےفتح قریب نظر آنے کے بعد حوصلہ چھوڑ دیا۔ نبی کریم ﷺ کے حکم میں اختلاف کیا اور نافرمانی کی۔ اُن میں سے بعض دنیا کے طالب تھے اور بعض آخرت کے۔یہ آیت کریمہ اِس لحاظ سے انتہائی اہم ہے کہ یہ، ناکامی کی وجہ کسی ظاہری اور کھلے کفر کو نہیں، بلکہ’’ نبوی نظم و ضبط‘‘ (Prophetic discipline) اور’’دنیوی لالچ‘‘ (Worldly incentive) کے درمیان ٹکراؤ کو قرار دیتی ہے۔ اِس حقیقت سے پردہ اٹھاتی ہے کہ کوئی معاشرہ یا فرد بظاہر جسمانی طور پر نبی کریم ﷺ کے شانہ بشانہ کھڑا ہو سکتاہے، لیکن اِس کے باوجود بے صبری، ذاتی مفادات اور مادّی خواہشات کے ذریعے نبوی احکامات کی مخالفت بھی کر سکتا ہے۔
بے ادبی اور اَنانیت کا اظہار
سورۃ الحجرات میں اللہ تعالیٰ نے مومنین کو یہ حکم دیاہے کہ وہ اللہ اور اُس کے رسول(ﷺ) کے آگےچلنے کی جسارت نہ کریں:یٰاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تُقَدِّمُوْا بَیْنَ یَدَیِ اللّٰهِ وَ رَسُوْلِهٖ اور نبی کریم ﷺ کی آواز سے اُونچی اپنی آوازیں بلند نہ کریں: یٰاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْا لَا تَرْفَعُوْا اَصْوَاتَكُمْ فَوْقَ صَوْتِ النَّبِیِّ(الحجرات:۱-۲)۔ یہ حکم محض ظاہری آداب واحترام تک محدود نہیں ہے،بلکہ اِس کی گہرائی میں ایک اہم حقیقت پوشیدہ ہے۔نبی کریم (ﷺ) کی آواز پر اپنی آواز اُونچی کرنا دراصل نفسانی خواہشات (اَنا)، قبائلی غرور یا شخصی فیصلے کو نبوی اخلاقی برتری پر فوقیت دینے کی علامت ہے۔ انسان کے لیے یہ ممکن ہے کہ وہ رسمی طور پر کسی پیغمبر کا اقرار و اعتراف تو کرے، لیکن عملی طور پر اُن کی بات سننے، ماننے اور ضبط سے انکار کردے۔
مذہبی اداروں کااستحصال اور گروہی تقسیم
مسجد ضرار کا واقعہ اِس سے بھی زیادہ پریشان کن ہے۔ قرآن ایسے لوگوں کا ذکر کرتا ہے، جنھوں نے نقصان پہنچانے، اختلاف پیدا کرنے اور عداوت کا سینٹربنانے کے لیے ایک مسجد تعمیر کی۔ جب کہ وہ قسمیں کھاتے تھےکہ اُن کا ارادہ صرف خیر کاہے:وَ الَّذِیْنَ اتَّخَذُوْا مَسْجِدًا ضِرَارًا وَّ كُفْرًا وَّ تَفْرِیْقًۢا بَیْنَ الْمُؤْمِنِیْنَ وَ اِرْصَادًا لِّمَنْ حَارَبَ اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗ مِنْ قَبْلُ وَ لَیَحْلِفُنَّ اِنْ اَرَدْنَا اِلَّاالْحُسْنٰى (التوبہ:۱۰۷)۔ لہٰذا کوئی مسجد صرف اِس لیے نیک یا مقدس نہیں ہو جاتی کہ اُس کا نام مذہبی ہے۔ مقدس طرزِ تعمیر اور پرہیزگارانہ الفاظ؛ فتنہ و فساد، پروپیگنڈا اور حصولِ اِقتدار کا ذریعہ بھی بن سکتے ہیں۔ قرآن کسی ادارے کو اُس کے لیبل یا نام سے نہیں، بلکہ اُس کے اخلاقی مقاصد اوراُس کے معاشرتی اثرات کی بنیاد پر تولتاہے۔
خلل وبہتان طرازی اور مشروط وفاداری:دیگر آیات اُن لوگوں کا بھی ذکر کرتی ہیں جو اِشاروں، کنایوں سے نبی کریم ﷺ کو اَذیت دیتےتھے:وَ مِنْهُمُ الَّذِیْنَ یُؤْذُوْنَ النَّبِیَّ وَ یَقُوْلُوْنَ هُوَاُذُنٌ(التوبہ:۶۱)،یاحوصلہ شکنی کی افواہیں پھیلانے والے: وَّالْمُرْجِفُوْنَ فِی الْمَدِیْنَةِ(الاحزاب:۶۰)،یا قربانی اور ضرورت کے وقت عذر پیش کرنے والے: وَسَیَحْلِفُوْنَ بِاللّٰهِ لَوِ اسْتَطَعْنَا لَخَرَجْنَا مَعَكُمْ (التوبہ:۳۸-۴۷)، یا فیصلہ صرف اُسی وقت قبول کرنے والے جب وہ اُن کے حق میں ہو: وَ اِنْ یَّكُنْ لَّهُمُ الْحَقُّ یَاْتُوْا اِلَیْهِ مُذْعِنِیْنَ (النور:۴۷-۵۱)۔ اِن تمام فرمودات کو دیکھا جائے تو یہ آیات اندرونی مخالفت کا ایک ایسا مستقل خاکہ پیش کرتی ہیں، جہاں دعویٰ تو ہوتاہے لیکن کردار کی تبدیلی نہیں ہوتی۔وفاداری کا ڈھونگ اورفریب ہوتاہے مگر قربانی کا جذبہ نہیں ہوتا۔ مذہب ہوتا ہے لیکن عدل نہیں ہوتا،اور اطاعت صرف اُسی وقت ہوتی ہے جب وہ ذاتی مفاد کی نگہبان ہو۔
نبوی معاشرت اور سامراجی قوت
پیغمبرِ اسلام ﷺکی وفات سے یہ انسانی رجحانات ختم نہیں ہوگئے۔ اوّلین مسلم معاشرت نے اخلاقی، فکری اور تہذیبی میدان میں غیر معمولی کارنامے سر انجام تودیے، لیکن اُسے تنازعات سے لت پت جانشینی، خانہ جنگیوں، سیاسی تشدد اور اقتدار کی بڑھتی ہوئی مرکزیت کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ سنی، شیعہ اور جدید علمی روایات میں تاریخی توجیہات اور تشریحات میں نمایاں اختلاف پایا جاتا ہے؛ اور ایک ذمے دارانہ موقف ان اختلافات کو نظر انداز نہیں کرتا۔ اِس کے باوجود، ایک بڑی تبدیلی ایسی ہے جس سے انکار مشکل ہےکہ اسلامی تاریخ کی پہلی صدی میں ہی قیادت فیصلہ کن طورپر خاندانی بادشاہت (موروثی سلطنت) اور شاہی انتظامیہ کی طرف منتقل ہو گئی۔
معاویہ کی طرف سے اپنے بیٹے یزید کی نامزدگی نے خلافت کو ایک ایسے موروثی نظام میں ڈھال دیا جسے کثیر مسلم اکابرین نے قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ یزید کے لیے زبردستی بیعت کا تقاضا، امام حسین ابن علی رضی اللہ عنہ کا اُس ناگوار مطالبے کے آگے جھکنے سے صاف انکار، اور۶۸۰ء کو کربلا کے المناک واقعے میں آپ کی شہادت،یہ سب مل کر ضمیر اورریاستی اقتدار کے درمیان تصادم کی ایک بڑی علامت بن گئے۔ کربلا محض فرقہ وارانہ یاد گار نہیں، بلکہ اس باطل نظریے پر ایک تاریخی ضرب ہے جویہ خیال کرتا ہےکہ سیاسی نظام، ملکی استحکام یا مذہبی لبادہ، کسی بھی ظالم اقتدار کو اَخلاقی جواز فراہم کر سکتا ہے۔ مابعدکی اسلامی تاریخ کو کسی ایک مسلسل زوال کے طور پر بیان نہیں کیا جا سکتا۔ اُس نے عادل اور جابر دونوں طرح کے حکمران، آزاد اور دربار ی علما، کثیرالثقافتی معاشرے اور ستمگر حکومتیں، تجدیدِ دین کی تحریکیں اور تسلط کے نظام،سبھی کچھ پیدا کیے۔ اِس کے باوجود، شاہانہ عادات و اطوار نے اکثر سیاسی فکری نظریات کو بدل کر رکھ دیا۔ اطاعت کو بعض اوقات احتساب سے جداکر دیا گیا، امن ونظم کو عدل پر فوقیت دے دی گئی، حکمران نے مذہبی جواز پر قبضہ کر لیا، اور جو علما ریاست پر اِنحصار کرتے تھے اُنھوں نے اخلاقی تعلیم کو تابعداری کا آلۂ کار بنا ڈالا۔ اس کے ردّعمل میں، اسلامی روایات نے ایک متضاد اُصول بھی محفوظ رکھا۔ روایت ہے کہ پیغمبرِاسلام ﷺ نے ظالم حکمران کے سامنے حق یا سچ بات کہنے کو جہاد کی عظیم ترین شکلوں میں سے ایک قرار دیاہے۔ مزید برآں، ایسی کسی بھی حکم پر اطاعت لازم نہیں تھی جو اللہ تعالیٰ کی نافرمانی کا تقاضا کرتا ہو۔
مسلم دنیا اور اخلاقیات کا زوال
آج کی مسلم دنیا سیاسی لحاظ سے مختلف رنگوں پر مشتمل ہے اور آمریت صرف مسلمانوں کا ہی نہیں، بلکہ ایک عالمی مسئلہ ہے۔ اس کے باوجود، دورِ حاضر کے تقابلی شواہد اِس بات کی تائید کرتے ہیں کہ مسلم اکثریتی ریاستیں مطلق العنان حکمرانوں، فوج کی پشت پناہی حاصل صدارتی نظاموں، غالب جماعتوں، ذاتی پسند و ناپسند پر مبنی حکومتوں، یا ایسےہائبرڈ سسٹمز کے تحت چل رہی ہیں جہاں انتخابات، حکومت سے بازپُرس کا کوئی مؤثر ذریعہ فراہم نہیں کرتے۔ وی-ڈیم (V-Dem) کی۲۰۲۶ء کی جمہوریت سے متعلق رپورٹ، دنیا بھر میں آمریت کے بڑھتے ہوئے ایک وسیع رجحان کی نشان دہی کرتی ہے، جب کہ فریڈم ہاؤس کے۲۰۲۶ء کے ملکی جائزے سعودی عرب اور مصر سمیت اہم مسلم اکثریتی ریاستوں میں سیاسی حقوق اور بنیادی شہری آزادیوں پر سخت پابندیوں کو نمایاں کرتے ہیں۔اِن حالات کے پیچھے متعدد اسباب کارفرما ہیں،مثلاً: استعماری (برطانوی یا دیگر سامراجی) سرحدیں اور ادارے، بیرونی مداخلت، جنگیں، کرائے کی معیشتیں ، فوجی طاقت، اشرافیہ کے باہمی سمجھوتے، معاشرتی انتشاروافتراق، اور اندرونی سیاسی فیصلے،صرف اسلام ان سب کی وضاحت نہیں کرتا۔ البتہ! اکثر اوقات ان حالات کو تقدس بخشنے کے لیے اسلامی لبادہ یا زبان ضرور اِستعمال کی جاتی ہے۔ اِس حتمی نتیجے کو اُس کے مضبوط ترین اور قابلِ دفاع صورت میں یوں بیان کیا جا سکتاہےکہ مسلم دنیا کا ایک بڑا حصہ اِس وقت رسول اللہ ﷺ کی بعثت اور مشن کے سیاسی اور سماجی مفہوم کے خلاف عملی صف آرائی کی زندگی بسر کر رہا ہے۔ یہ مخالفت کم سے کم تین مختلف سطحوں پر جاری ہے،مثلاً:
سیاسی آمریت یا سیاسی استبداد
جب حکمران خود کو اِحتساب سے بالاتر کر لیتے ہیں۔ پُرامن اختلافِ رائے کو جرم بنا دیتے ہیں۔ عدالتوں کا بے جا استعمال کرتے ہیں۔ میڈیا پر اجارہ داری قائم کرلیتے ہیں۔ مخالفین کو قید کرتے ہیں یا عوامی دولت کو اپنی ذاتی ملکیت کی طرح استعمال کرنے لگتے ہیں،تو وہ قرآن کے تصورِ امانت، شوریٰ، عدل اور جواب دہی کی نفی کرتے ہیں۔ایک ریاست محض اپنے آئین میں مذہبی جملے شامل کرنے، مساجد کی مالی اعانت کرنے، یا عبادات اور رسومات کی نگرانی کرنے سے ’’نبوی مشن‘‘ نہیں بن جاتی۔ ایک ریاست اخلاقیات کے تبھی قریب آ سکتی ہے جب اُس کی طاقت عدل اور عوام کی عزتِ نفس کی حدود میں بندھی ہو۔
مذہبی آمریت یا مذہبی استبداد:مذہبی ڈھانچے اُس وقت آمرانہ شکل اختیار کر لیتے ہیں، جب فکری اختلاف کو غداری سمجھا جانے لگے۔ ادارے اندھی تابعداری کا مطالبہ کریں۔ علما کو اِقتدار کی حمایت کرنے پر اِنعامات ملیں۔ مسلک و فرقہ اخلاقیات کا متبادل بن جائے، یا حریفوں کی آواز دبانے کے لیے کفر کے فتوے استعمال کیے جائیں۔مسجدِ ضرار کا ذکر اور اُس کا مکشوف ہونا ہمیں سکھاتا ہےکہ مذہبی ظاہری شکل و صورت کے پیچھے دین مخالف مقاصد بھی چھپے ہو سکتے ہیں۔ ایسا ممبر جو مظلوموں کی مذمت تو کرے لیکن ظالم کی پشت پناہی بھی کرے، بظاہر تو اِسلام کی زبان بول رہا ہوتا ہے لیکن درحقیقت وہ اخلاقی گواہی کے نبوی فریضے کی مخالفت کر رہا ہوتا ہے۔
سماجی آمریت یا سماجی استبداد
آمریت صرف ریاست کی سطح پر ہی نہیں، بلکہ معاشرے کے اندر نچلی سطح پر بھی پروان چڑھتی ہے۔ اس کا ظہور اُس وقت ہوتا ہے جب خاندان عورتوں اور نوجوانوں کی اخلاقی خود مختاری کو تسلیم نہیں کرتے۔ جب ذات پات، نسل، خاندانی نسب، طبقہ یا فرقہ کسی کی عزت و تکریم کا پیمانہ بن جاتاہے۔ جب مزدوروں کا استحصال کیا جاتا ہے۔ جب عزت و ناموس بچانے کے نام پر ظلم و زیادتی کو نظراَنداز کیا جاتا ہے، یا جب بڑے بزرگ باہمی ذمے داری کے بغیر اندھی فرماںبرداری کا تقاضا کرتے ہیں۔ قرآن کا انقلابی پیغام سماجی رشتوں کی درستگی سے شروع ہوتا ہے۔ جو معاشرہ اپنے ہر گھر، ادارے یا دینی مدرسے کو ایک چھوٹی سی آمریت بنائے رکھے، وہ کسی آمر ظالم کے خلاف سچے دل سے آواز بلند کرنے کا کوئی اخلاقی جواز نہیں رکھتا۔
تقلید وتسلیم کے بغیر عقیدت یا احترام
نام نہاد عقیدت اور عملی وفاداری کے درمیان اِس فرق کو محض دعائیہ رسم و رواج یا مسلکی ناموں کے اکھاڑے تک محدود نہیں کیا جانا چاہیے۔ درود و سلام کے لیے کھڑے ہونا، کسی مزار پر حاضری دینا، ان طریقوں کو مسترد کرنا، یا کسی خاص اصطلاح کو اپنانا،بذات خود اِس بات کا ثبوت نہیں ہے کہ کوئی شخص رسول اللہ ﷺ کا وفادار ہے، یا آپ کا دشمن۔ قرآن کا زیادہ کڑا اور تقاضا کرنے والا امتحان اخلاقی نوعیت کا ہے۔کیا ہمارے ادارے کمزوروں کا تحفظ کرتے ہیں؟ کیا وہ سچ بولتے ہیں؟ کیا وہ ذمے دارانہ طریقے سے طاقت کی تقسیم کرتےہیں؟ کیا وہ مشورے اور اصلاح کی اجازت دیتے ہیں؟ کیا وہ عہد وپیمان کی پاسداری کرتے ہیں؟ کیا وہ انتقام کی آگ کو قابو میں رکھتے ہیں؟ کیا وہ گروہ بندی کے مقابلے میں عدل کو ترجیح دیتے ہیں؟
ایک مسلمان رسول اللہ ﷺ کی مسلسل تعریف و توصیف تو کر سکتا ہے لیکن اِس کے باوجود وہ تشدد، سنسرشپ، بدعنوانی، عورت دشمنی، نسل پرستی، فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی، یا شدید معاشی عدم مساوات کومعمول کی بات بھی سمجھ سکتا ہے۔ اسی طرح ایک دوسرا شخص فکری اور عقیداتی پاکیزگی کا دفاع تو کر سکتا ہے لیکن من مانے اور جبری اقتدار کے سامنے خاموش بھی رہ سکتاہے۔ان دونوں ہی صورتوں میں، یہ عقیدہ اُس خطرے سے دوچار ہوتا ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کے اصل اور حقیقی چیلنج سے بچنے کے لیے ایک رسمی ڈھال بن جاتا ہے۔ ایسی محبت جو اِداروں کے اندر تک نہ پہنچ سکے، محض جذباتیت بن کر رہ جاتی ہے، اور ایسا ایمان جو عملی شکل اختیار نہ کرے، وہ ایک ناقص وادھوری گواہی ثابت ہوتا ہے۔
اہلِ بیت اور نبوی اخلاقی ورثے کا تسلسل
رسول اللہ ﷺ کا گھرانہ ’’اہلِ بیت‘‘، آپ کے اخلاقی ورثے کی حفاظت میں مرکزی مقام رکھتاہے۔ قرآن پاک اُن کی تطہیر کا ذکر کرتاہے:اِنَّمَا یُرِیْدُ اللّٰهُ لِیُذْهِبَ عَنْكُمُ الرِّجْسَ اَهْلَ الْبَیْتِ وَ یُطَهِّرَكُمْ تَطْهِیْرًا
( الاحزاب:۳۳)، اور تمام مکاتبِ فکر کی مسلم روایات میں رسول اللہ ﷺ کی اپنےاہل بیت کے ساتھ گہری وابستگی محفوظ ہے۔مثال کے طورپر:سیدناامام علی کرم اللہ وجہہ علم وعمل، عدل و شجاعت اور عوامی امانت کو ذاتی اقتدار میں بدلنے کے خلاف مزاحمت کی علامت ہیں۔ سیدناامام حسن رضی اللہ عنہ خون خرابے کو روکنے کے لیے ذاتی اقتدار کی قربانی دینے کے جذبے کی نمائندگی کرتے ہیں۔ سیدناامام حسین رضی اللہ عنہ سیاسی جبر کو اِخلاقی جواز بخشنے سے صریح انکار کی علامت ہیں۔
چناں چہ اہلِ بیت سے محبت، محض جذباتی یا رسمی نہیں ہونی چاہیے۔ اس کے لیے ان اصولوں سے وفاداری لازمی ہے جن کی خاطر اُنھوں نے مصائب جھیلے،جیسے: اقتدار سے پہلےصداقت، مفاد پرستی سے پہلے عدل، اطاعتِ محض سے پہلے عزتِ نفس، اور مظلوموں کے تعلق سے ذمے داری۔کوئی معاشرہ صدق دل سے نہ تو حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی تعریف کر سکتا ہے،جب کہ وہ تنقید کا گلا گھونٹ رہا ہو، نہ ہی حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کو یادکر سکتا ہے، جب کہ وہ خود کسی ظلم یا جبر کی اطاعت کر رہا ہو، اور نہ ہی رسول اللہ ﷺ کے اہل بیت کی عزت کا دعویٰ کر سکتا ہے، جب کہ وہ خود اُن مراعات اور امتیازاتی ڈھانچوں کو زندہ رکھے ہوئے ہے جن کے خلاف اُنھوں نے مزاحمت کی تھی۔
کربلا:آمریت کے خلاف ایک احتجاج
کربلا، نبوی اخلاقیات اور اِسلام کے نام پرآمرانہ طاقت کے درمیان تصادم کی نمایاں ترین ایک تاریخی مثال ہے۔سیدنا امام حسین رضی اللہ عنہ کا بیعت سے انکار محض کسی علامتی یا منصب کی برتری کی جنگ نہیں تھی۔ یہ اِس بات سے صریح انکار تھاکہ جبر، موروثی اقتدار اور سیاسی غلبے کو محض اِس بنیاد پر جائز سمجھ لیا جائےکہ حکمران مسلمانوں پر حکومت کرنے کا دعویٰ کر رہا ہے۔آپ کی شہادت نے کربلا کو ہر آنے والی نسل کے لیے ایک ایسا مستقل اخلاقی سوال بنا دیا، جو ہر عہد سے یہ پوچھتا ہےکہ جب اقتدار عدل کی قیمت پر سر جھکانے کا تقاضا کرے، تو کون سا فریق محمد ﷺ کے پیغام کی حقیقی نمائندگی کرتا ہے؟ لہٰذا، کربلا کی یاد محض کسی گزرے ہوئے المیے پرافسوس جتانے کا نام نہیں ۔بلکہ یہ مذہب کے سیاسی استحصال، کمزوروں کو بےسہارا چھوڑنے، ضمیر کی آواز کو دبانے اور بےعدلی کو معمول کی بات سمجھ کر قبول کر لینے کے خلاف ایک احتجاج ہے۔کربلا کے اصل مفہوم سے غداری تب ہوتی ہے جب اُس کا غم اور گریہ و زاری، دورِ حاضر میں ظلم کے خلاف مزاحمت سے یکسر کٹ کر رہ جائے۔
مذہبی علامتیں، تاریخی یادیں اور اخلاقیات
رسول اللہ ﷺ اور اہلِ بیت سے منسوب مذہبی علامتیں،جیسے: مزارات، عَلم، یادگاری اشیا، شاعری، مجالس عزااور مقدس فنِ تعمیر،اُن کےماننے والے اور اُن پر عمل کرنے والے لوگ عبادت کے آزادانہ بتوں کے طور پر نہیں، بلکہ یاد دہانی کے ذرائع کے طور پر سمجھتے ہیں۔اُن کا اصل مفہوم اِس بات میں مضمرہے کہ وہ کس چیز کی یاد دلاتے ہیں! رسول اللہ ﷺ کی رحمت، حضرت علی کا عدل، حضرت عباس کی وفاداری، امام حسین علیہ السلام کی قربانی، حضرت زینب سلام اللہ علیہا کی شجاعت اور کربلا میں آلِ رسول کو پیش آنے والی مصیبتیں اور تکالیف۔
قرآن کریم علامات اور یاد دہانی کے اخلاقی کردار کو تسلیم کرتا ہے، لیکن خدا کی ذات سے آزاد ہو کر کوئی بھی مادّی چیز بذاتِ خود مقدس نہیں بن جاتی۔کعبۃ اللہ کی توقیر اِس لیے ہے کہ وہ خدا کی عبادت سے منسوب ہے۔قرآن کی عظمت اِس لیے ہے کہ وہ الہامی پیغام (وحی) کا حامل ہے۔رمضان کا احترام اِس لیے ہے کہ وہ عبادت کا ایک مقرر کردہ الہامی موسم ہے۔بالکل اُسی طرح، یادگاری علامتوں کی اہمیت اور قدر اُسی وقت ہوتی ہے جب وہ مومن کو خدا، اخلاقی ذمے داری اور ایثاروقربانی کی یاد کی طرف راغب کریں۔ اگر یہ علامتیں اچھے اور اخلاقی کردار کا متبادل بن جائیں تو یہ اپنا اصل مقصد کھو دیتی ہیں۔
علاقائی ثقافت اور اِسلامی اظہاریہ کا تنوع
اسلام کا اظہار ہمیشہ سے مقامی زبانوں، فنی اسالیب، فن تعمیر، لباس، شاعری اور اجتماعی رسم و رواج کے ذریعے ہوتا رہا ہے۔ ہندوستان، ایران، ترکی، مغربی افریقہ اور جنوب مشرقی ایشیا کی مساجد ظاہری طورپر ایک دوسرے سے مختلف نظر آتی ہیں، کیوں کہ مسلم برادریوں نے عبادات کی مشترکہ شکل کو برقرار رکھتے ہوئےمقامی تعمیراتی مواد اور ثقافتی رنگ وروغن کو اپنایا۔ثقافتی تنوع خود بخود دِین میں بگاڑ یا خرابی نہیں ہوتا؛بلکہ یہ ایک ایسا ذریعہ بن سکتاہے جس کے ذریعے دینی روایات اور یادیں کسی خاص معاشرے اور خطے کے لیے فہم و بصیرت کا سامان بنتی ہیں۔
اصل سوال یہ نہیں ہے کہ کوئی عمل اپنے رنگ وروغن میں مقامی ثقافت سے تعلق رکھتا ہے یا نہیں، بلکہ اصل یہ ہے کہ آیا وہ توحید، عدل، انسانی وقار اور وحی کے قائم کردہ اخلاقی حدود کی تردید تو نہیں کرتا۔ کسی بھی غیر مانوس یا اجنبی ثقافتی اظہار کو یکسر کفر قرار دینا، مذہبی آمریت کی ایک اور شکل کو جنم دیتا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ، ورثے میں ملنے والے رسوم و رواج کا اخلاقی محاسبہ بھی جاری رہنا چاہیے۔ ثقافت مذہبی زندگی کو مالا مال کر سکتی ہے، لیکن یہ کسی بھی صورت میں اِستحصال، توہم پرستی، توہین یا کسی قسم کے نقصان کا جواز فراہم نہیں کر سکتی۔
انتہا پسندانہ رویہ اور اِسلام کی اخلاقی بربادی
دہشت گردی، فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ، مساجد اور مزارات پر حملے، عبادت گزاروں کا قتل اور دوسرے مسلمانوں کو بلا امتیاز کافر قرار دینا،رسول اللہ ﷺ کے پیغام پر براہِ راست حملہ ہیں۔ اس طرح کا تشدد قرآن پاک کو محض ایک نعرہ بنا کر رکھ دیتا ہے،جب کہ وہ عدل، صبر و تحمل، انسانی جان کے تقدس اور اُس حکم کی صریح خلاف ورزی کرتا ہے جو دشمنی اور نفرت کو ناانصافی میں بدلنے سے منع کرتا ہے :وَ لَا یَجْرِمَنَّكُمْ شَنَاٰنُ قَوْمٍ عَلٰى اَلَّا تَعْدِلُوْا اِعْدِلُوْا هُوَ اَقْرَبُ لِلتَّقْوٰى(المائدہ:۸)۔تنظیمیں اسلامی علامتیں ظاہر کر سکتی ہیں، الہامی آیات کا حوالہ دے سکتی ہیںاور دین کے دفاع کا دعویٰ کر سکتی ہیں، لیکن اِس کے باوجود وہ اسلام کے بنیادی اخلاقی اصولوں کے خلاف بھی عمل پیرا ہو سکتی ہیں۔
انتہا پسندی نے دنیا بھرمیں اسلام کی اخلاقی ساکھ کو بھی سخت نقصان پہنچایا ہے۔ اصل مسئلہ صرف یہ نہیں ہے کہ پُرتشدد گروہ دنیا میں اسلام کا منفی تأثر پیش کرتے ہیں؛ بلکہ المیہ یہ ہے کہ اُن کے اقدامات عین وہی جبر، انتقام، سنگدلانہ رویے اور اِنسانی وقار کی پامالی کرتے ہیں، جن پر قابو پانے کے لیے حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا مشن آیا تھا۔لہٰذامسلمانوں کی طرف سے اِس کا جواب محض پبلک ریلیشنز کی حد تک مذمت پر مبنی نہیں ہونا چاہیے۔ اِس کا مقابلہ اُس سیاسی محرومی، فرقہ وارانہ نظریات، آمرانہ اداروں اور اُن مذہبی جوازات سے کرنا لازمی ہے جو اِس تشدد کو پنپنے اورپھیلنے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔
علمائے دین کی ذمہ داری
علمائے دین پر ایک خاص ذمہ داری عائد ہوتی ہے، کیوں کہ وہ الہامی پیغام کی تشریح کرتے ہیں، اجتماعی ضمیر کو تشکیل دیتے ہیں اور اقتدار پر یا تو روک لگا سکتے ہیں یااُسے جواز بخش سکتے ہیں۔ظلم، کرپشن، فرقہ وارانہ قتل و غارت، یا ریاستی اختیارات کے غلط استعمال پر خاموشی ہرگز غیر جانب داری نہیں ۔ جب علما طاقت ور حکمرانوں اور مسلح تنظیموں کے جرائم سے چشم پوشی کرتے ہوئے کمزور طبقات پر تنقید کے تیر برساتے ہیں، تو ایسی صورت میں دینی تعلیمات تسلط اور غلامی کا ایک آلہ بن کر رہ جاتی ہیں۔
نبوی ماڈل یہ تقاضا کرتا ہے کہ علما،دین کی اخلاقی آزادی کی حفاظت کریں۔ اُن کی ذمے داریوں میں یہ باتیں شامل ہیں،مثلاً: کافر ہونے کے جھوٹے الزامات کی مخالفت کرنا، عبادت گاہوں کے تقدس کا دفاع کرنا، عام شہریوں پر حملوں کی مزاحمت کرنا، حکمرانوں کی غلطیوں کی اصلاح کرنا، جائز اختلافِ رائے کا تحفظ کرنا اور فرمان برداری کو غلامی میں بدلنے سے صاف انکار کردینا۔
مروی نبوی تعلیم کے مطابق کہ ظالم حکمران کے سامنے حق بات کہنا جہاد کی سب سے بڑی اقسام میں سے ایک ہے۔یہ بات اقتدار کے قرب کی جگہ اخلاقی جرأت کومذہبی قیادت کا اصل پیمانہ بناتی ہے۔
مسلم دنیایکساں یا ایک جیسی نہیں
یہ کہنا کہ ’’پوری مسلم دنیا‘‘رسول اللہ ﷺ کی مخالفت کرتی ہے، اُن لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد پر پانی پھیر دینا ہوگا جو عین اس نظام کے لیے کوشاں ہیں۔جو جواب دہ حکومت، سماجی فلاح و بہبود، تعلیم، خواتین کے وقار، اقلیتوں کے حقوق، عدم تشدد اور ضمیر کی آزادی کا حامی ہو۔صحافی جیل جانے کا خطرہ مول لیتے ہیں، علما حکومتی سرپرستی ٹھکرا دیتے ہیں، خاندان نسل در نسل چلی آرہی تعصبات کے خلاف ڈٹ جاتے ہیں، کارکن ظلم و ستم کی دستاویزی گواہی فراہم کرتے ہیں اور عام مومنین فرقہ وارانہ اور مذہبی سرحدوں سے بالاتر ہو کر اپنے ہمسایوں کی حفاظت کرتے ہیں۔یہ لوگ مرکزی دلیل کو کمزور نہیں کرتے؛ بلکہ اِس بات کا زندہ ثبوت ہیں کہ پیغام ِرسالت آج بھی زندہ اور توانا ہے۔
لہٰذا، اصل تقسیم محض مسلم اور غیر مسلم، سنی اور شیعہ، روایت پسند اور اصلاح پسند، یا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نہیں ہے۔ یہ تقسیم، ہر معاشرے اور ہر اِنسان کے اندر سے گزرتی ہے۔اُس دین کے درمیان جو غلبہ اور تسلط حاصل کرنے کا ذریعہ بن جائے اور اُس الہامی پیغام کے درمیان جو عدل کے ایک مطالبے کے طورپر نازل ہوا ہو۔وراثت میں ملی ہوئی طاقت سے وابستگی اور اخلاقی سچائی کے آگے سر جھکانے کے درمیان۔حضرت محمد مصطفیٰﷺ کی تعریف و توصیف کرنےاور اِس بات کی اجازت دینے کے درمیان کہ آپ ﷺ کا پیغام خود ہمارا محاسبہ کرے۔
الحاصل
اوّلین مسلم برادری کے بارے میں قرآن کی صداقت خود اُس کی طرف سے ایک رحمت ہے۔ یہ مسلمانوں کو اُس خوش فہمی میں مبتلا ہونے سے روکتی ہے کہ مقدس تاریخ کے قریب ہونے سے خود اِحتسابی کی ضرورت ختم ہو جاتی ہے۔ وہ لوگ تھے جنھوں نے نبی کریم ﷺ کی آواز سنی لیکن پھر بھی اپنی آوازیں بلند کیں، آپ کے ساتھ جنگوں میں نکلے لیکن پھر بھی نافرمانی کی، مسجد تعمیر کی لیکن پھر بھی تفرقہ بازی کی راہ اختیار کی اورایمان کی زبان بولی لیکن اِس کے باوجود اقتدار کی ہوس میں لگے رہے۔اندرونی اختلاف اور مخالفت کا یہ امکان ابتدا ہی سے موجود تھا، کیوں کہ اسلام کا مخاطب ایسے حقیقی انسان تھے جو اپنے اندر اصلی انسانی خواہشات اور طمع رکھتے تھے۔
لہٰذا، موجودہ بحران کی یہ تشریح ہرگز درست نہیں کہ مسلمانوں نے مذہب کو چھوڑ دیا ہے۔ بہت سی جگہوں پر مذہب کا ظہور بہت نمایاں ہے۔ اصل اور سنگین مسئلہ یہ ہے کہ اُس کی علامتوں کو اُس کے اخلاقی جوہر سے الگ کر دیا گیا ہے۔ مساجد کی تعداد بڑھ رہی ہے مگر باہمی مشاورت غائب ہو چکی ہے۔ مذہبی نشریات میں اضافہ ہو رہا ہے مگر سچ بولنا خطرناک بن چکا ہے۔ آئین میں اسلام کا نام تو لیا جاتا ہے مگر حکمران احتساب سے کتراتے ہیں۔ عوامی سطح پر دین داری پروان چڑھ رہی ہے مگر غریب، اختلاف کرنے والا، عورت، اقلیت اور بے بس طبقہ بدستور غیر محفوظ اور کمزور ہے۔یہ لازمی نہیں کہ مسلمانوں نے پیغامِ رسالت کی مخالفت آپ ﷺ کا انکار کرکے کی ہو، بلکہ انھوں نے اپنی ذاتی زندگی اور اجتماعی نظام کو آپ کی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے سے انکار کر کے کی ہے۔رسول اللہ ﷺ کی طرف حقیقی واپسی کا ہرگز یہ مطلب نہیں ہو سکتا کہ ماضی کی کسی سلطنت کی یا بادشاہت جیسی مقدس حکومت کی یاد میں مبتلا رہا جائے۔ اس کا حقیقی مطلب یہ ہے کہ اقتدار کو ایک امانت کے طورپر نئےسر سے تعمیر کیا جائے۔سیاست کو باہمی مشاورت بنایا جائے۔قانون کو عین عدل کا روپ دیا جائے۔دولت کو سماجی ذمے داری سمجھا جائے۔علمائے دین کی بصیرت کو بے باک گواہ بنایا جائےاور معاشرے کو اِنسانی وقار کا ضامن بنایا جائے۔آج مسلمانوں کے سامنے اصل سوال صرف یہ نہیں ہے کہ وہ اپنی زبانوں سے محمدمصطفیٰ ﷺ کا احترام کرتے ہیں یا نہیں، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ آیا وہ محمدمصطفیٰ ﷺ کے لائے ہوئے انقلاب کو اِس بات کی اجازت دیں گے کہ وہ اُن کے حکمرانوں، اُن کے اداروں، اُن کے وراثت میں ملے ہوئے طبقاتی نظام اور خود اُن کی اپنی ذات کا محاسبہ کرے؟
قرآنی اور تاریخی حوالے
۱۔القرآن:
سورۃ البقرہ:۲:۲۵۶، سورۃآل عمران:۳:۱۵۲-۱۵۹،سورۃ النساء:۴:۵۸،۱۳۵، سورۃ المائدہ:۵:۸، سورۃ الاعراف: ۷:۱۵۷، سورۃ التوبہ:۹:۳۸،۴۷،۶۱،۱۰۷،۱۱۰، سورۃالنور:۲۴:۴۷،۵۱، سورۃالاحزاب:۳۳،۶۰، سورۃ الشوریٰ:۴۲،۳۸، سورۃ الحجرات:۴۹،۲۱،۱۳، سورۃ الحشر:۵۹،۷، سورۃ المنافقون، سورۃ الماعون:۱-۳
السیرۃ النبویہ:
۱۔ابن اسحاق / ابن ہشام: السیرۃ النبویہ، مترجم: اے گیوم (A.Guillaume)، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس،۱۹۵۵ء۔ (اِس میں میثاقِ مدینہ کا منقولہ متن بھی شامل ہے)
۲۔اوومیر انجم (Ovamir Anjum):’’میثاقِ مدینہ، ترجمہ، تشریح اور آج کے دور میں اُس کا مفہوم‘‘،۲۰۲۱ء (جس میں اِس دستاویز کی نقل و روایت اور جدید تشریح پر بحث کی گئی ہے)
۳۔ولفرڈ مڈیولنگ (Wilferd Madelung): ’’محمد ﷺ کے بعد جانشینی: ابتدائی خلافت کا ایک مطالعہ‘‘، کیمبرج یونیورسٹی پریس،۱۹۹۷ء
۴۔ہیو کینیڈی (Hugh Kennedy):’’نبی کریم ﷺ اور خلافتوں کا دور‘‘، تیسرا ایڈیشن، روٹلیج،۲۰۱۶ء
۵۔سنن نسائی: کتاب البیعۃ،ظالم حکمران کے سامنے حق بات کہنے سے متعلق روایت: صحیح البخاری، حدیث:۷۱۴۴ (اطاعت کی اخلاقی حد کے بیان میں)
۶۔وی ڈیم انسٹی ٹیوٹ (V-Dem Institute): ’’جمہوریت کی رپورٹ۲۰۲۶ء جمہوری دور کا خاتمہ؟، یونیورسٹی آف گوتھنبرگ، ۲۰۲۶ء
۷۔فرڈم ہاؤس (Freedom House):’’دنیا میں آزادی۲۰۲۶ء‘‘ (جس میں سعودی عرب اور مصر کی ملکی رپورٹس بھی شامل ہیں)
تبصرے
تبصرے جائزے کے بعد شائع کیے جاتے ہیں۔ اپنی رائے احترام کے ساتھ پیش کریں۔